پاکستان ریلوے کا مسافروں کی سہولت کیلئے لاہور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر2و4کی لمبائی میں توسیع کا آغاز

جمعرات 23 جولائی 2026 21:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2026ء) پاکستان ریلوے نے مسافروں کی سہولت کو مقدم رکھتے ہوئے لاہور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر2 اور 4 کی لمبائی میں توسیع کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے،اس منصوبے سے دیرینہ مسئلہ حل اور مسافروں کو ٹرینوں میں سوار ہونے و اترنے میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ترجمان کے مطابق کراچی سے آنے والی یا لاہور سے کراچی روانہ ہونے والی بعض ٹرینوں کی ایک یا دو کوچیں پلیٹ فارم کی کم لمبائی کے باعث پلیٹ فارم سے باہر رکتی تھیں، جس کے نتیجے میں ان کوچوں میں سوار ہونا یا ان سے اترنا بزرگ مسافروں، مریضوں، بچوں اور خصوصا خواتین کے لیے انتہائی دشوار تھا۔

ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلوے انتظامیہ نے پلیٹ فارم نمبر 2 اور 4 کی توسیع کا فیصلہ کیا اور منصوبے پر عملی کام کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ تمام کوچیں مکمل طور پر پلیٹ فارم پر رکیں اور مسافروں کو محفوظ،آسان و بہتر سفری سہولیات میسر آئیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے گزشتہ دنوں دورے کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد حفیظ اللہ نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ کے ہمراہ پلیٹ فارم نمبر 2 اور 4 کی لمبائی میں توسیع کا اصولی فیصلہ کیا تھا۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ نے ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر غلام مرتضی کو ہدایت کی کہ منصوبے کے دوران کام کے معیار، کوالٹی اور رفتار کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ یہ منصوبہ قلیل وقت میں بہترین معیار کے مطابق مکمل ہو۔