کراچی کو دوبارہ لسانی آگ میں دھکیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، آفاق احمد کا بیان مردہ سیاست میں جان ڈالنے کی ناکام کوشش ہے، ارسلان خالد

منگل 28 جولائی 2026 02:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2026ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری ارسلان خالد نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کے بیان پر سخت ترین ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے شہر کا امن تباہ کرنے کی گہری سازش قرار دیا ہے۔ اپنے ایک ہنگامی بیان میں ارسلان خالد نے واضح کیا کہ کراچی کو پھر سے 90 کی دہائی کے تاریک دور، بوری بند سیاست اور بھتہ مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

شہر کو اب مائنس ون اور پلس ون کے پرانے لسانی تجربات سے نکل کر آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ نفرت اور لسانیت کی سیاست کا دور اب ہمیشہ کے لیے ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مردہ سیاست میں جان ڈالنے کے لیے سندھ کی تقسیم کا پرانا چورن بیچا جا رہا ہے، لیکن پی ٹی آئی سندھ کی سالمیت، اتحاد اور صوبائی یکجہتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

کراچی پاکستان کا دل ہے اور صوبے کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔

ارسلان خالد کا کہنا تھا کہ کراچی اب کسی 'نئے صوبی' کے فرسودہ خوابوں کا نہیں، بلکہ 'نئے پاکستان' کے نظریے کا مضبوط گڑھ ہے۔ شہر کے عوام اب ترقی اور حقیقی آزادی چاہتے ہیں اور وہ ایسی منفی و تقسیم کار سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر چکے ہیں۔