آئی ایف ایم پی کا ہیڈ آفس اسلام آباد منتقل کرنے کی منظوری، ملک گیر مالیاتی خواندگی مہم شروع کی جائے گی

جمعہ 31 جولائی 2026 15:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2026ء) انسٹیٹیوٹ آف فنانشل مارکیٹس پاکستان (IFMP) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ادارے کے ہیڈ آفس کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ کراچی میں ادارے کا علاقائی دفتر برقرار رکھا جائے گا۔ یہ فیصلہ ادارے کو مالیاتی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے لیے ملک کا مرکزی ادارہ بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

بورڈ نے متفقہ طور پر چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کو انسٹیٹیوٹ آف فنانشل مارکیٹس پاکستان کا چیئرمین منتخب کیا، جبکہ کمشنر سکیورٹیز مارکیٹ ڈویژن، ایس ای سی پی، محمد علی فرید خواجہ نے بورڈ کے رکن کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر آئی ایف ایم پی ڈاکٹر مبشر صادق، پاکستان سٹاک ایکسچینج کے چیف آپریٹنگ آفیسر جواد ہاشمی، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی (CDC) کے چیف فنانشل آفیسر شاریق جعفرانی، کراچی سکول آف بزنس اینڈ لیڈرشپ (KSBL) کے ڈین ڈاکٹر احمد جنید، کمپنی سیکرٹری شاہرخ عثمانی اور منیجر فنانس احمد جاوید نے بھی شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ پاکستان کی 64 سے 67 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو مالیاتی شمولیت، سرمایہ کاری، کاروباری مواقع اور روزگار کے فروغ کے لیے ایک بڑی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی نے ملک میں کیپیٹل مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کی تعداد تقریباً پانچ لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس کے حصول کے لیے مالیاتی خواندگی اور مہارتوں کا فروغ بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایف ایم پی ملک بھر میں مالیاتی خواندگی کی مہم شروع کرے گا اور سکولوں، جامعات اور پیشہ ور افراد تک مالیاتی تعلیم پہنچائے گا۔ ادارہ نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کو رسمی مالیاتی نظام، سرمایہ کاری، کیپیٹل مارکیٹ اور انشورنس کے شعبے میں درکار مہارتیں فراہم کرے گا تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے، مالیاتی شعبے کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت تیار ہو اور معیشت کو طویل المدتی سرمایہ میسر آ سکے۔

کمشنر ایس ای سی پی محمد علی فرید خواجہ نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کو کراچی سے آگے بڑھاتے ہوئے ملک بھر میں فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے، کیونکہ نئے سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد پنجاب اور دیگر علاقوں سے سامنے آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایف ایم پی مفت آن لائن مالیاتی خواندگی کورسز، مسلسل پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام، کیپیٹل مارکیٹ اور انشورنس کے شعبوں کے لیے سرٹیفکیشن کورسز اور خصوصی تربیتی پروگرام متعارف کرائے گا، جس سے ملک میں ایک باصلاحیت مالیاتی افرادی قوت تیار ہوگی۔