سی ایم پنجاب سپورٹس سوئمنگ اکیڈیمی چیمپئن شپ مقابلے اختتام پذیر، نمایاں کارکردگی دکھانیوالے کھلاڑیوں میں میڈلز وسرٹیفکیٹس تقسیم

جمعہ 31 جولائی 2026 20:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2026ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمی سوئمنگ چیمپئن شپ مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔ چیمپئن شپ میں 800 سے زائد گرلز اینڈ بوائز کھلاڑیوں نے شرکت کی،چیمپئن شپ کے دوسرے روزبریسٹ سٹروک اور فری سٹائل سوئمنگ مقابلے منعقد ہوئے، جس میں سی ایم پنجاب سوئمنگ اکیڈیمی کے زیر تربیت کھلاڑیوں نے حصہ لیا، سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمی سوئمنگ چیمپئن شپ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے سوئمرز میں میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز کے زیر تربیت کھلاڑیوں کے درمیان مقابلوںکا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ ان کے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جاسکے، سپورٹس اکیڈیمز سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نرسری تیار ہو رہی ہے جو مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے، سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز سے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آ رہا ہیں،جن کی حوصلہ افزائی اور تربیت کے لیے سپورٹس بورڈ پنجاب تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس پنجاب نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیت اور جدید سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ وہ مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکیں۔سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمی سوئمنگ چیمپئن شپ میں محمد مصعب بن عمیر نے انڈر 6 کِک بورڈ ایونٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ مشعل علی نے انڈر 8 کِک بورڈ ایونٹ میں دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔

اسی طرح انڈر 12 بوائز 25 میٹر فری اسٹائل مقابلے میں محمد ریان نے پہلی، وہاج قریشی نے دوسری اور محمد ایان احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انڈر 16 بوائز 25 میٹر فری اسٹائل میں جمیل پہلے، عمار دوسرے اور محسن فیصل تیسرے نمبر پر رہے،انڈر 13 گرلز 25 میٹر بریسٹ اسٹروک میں رانیہ علی نے پہلی، عائشہ علی نے دوسری اور اروہ افضل نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

اسی طرح انڈر 13 بوائز 25 میٹر فری اسٹائل مقابلے میں محمد قاسم نے پہلی، ابراہیم عثمان نے دوسری اور حسین یوسف نے تیسری پوزیشن حاصل کی،انڈر 12 گرلز 25 میٹر فری اسٹائل میں خنسہ قریشی نے پہلی، عروہ افضل نے دوسری اور عائشہ علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی،انڈر 8 بوائز 25 میٹر فری اسٹائل میں زُرَیز نے پہلی، محمد اذلان عباس نے دوسری اور محمد علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی،انڈر 14 بوائز 25 میٹر فری اسٹائل مقابلے میں عبدالہادی عامر نے پہلی، عبدالباسط نے دوسری اور عبدالاحد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اسی طرح انڈر 10 گرلز 25 میٹر فری اسٹائل میں آمنہ علی نے پہلی، انزلہ عباس نے دوسری اور ایمان فضل نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی،انڈر 8 گرلز 25 میٹر بریسٹ اسٹروک مقابلے میں عزہ فاطمہ نے پہلی، امیرہ فاطمہ نے دوسری اور نبیہہ علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔