گورنر فیصل کریم کنڈی سے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف کی مشیر بشریٰ منصور مانیکا کی ملاقات

جمعہ 31 جولائی 2026 23:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2026ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف کی مشیر بشریٰ منصور مانیکا نے ملاقات کی،ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تنظیمی و سیاسی امور سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر آفس کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے خواتین کی سیاست میں موثر شمولیت اور قیادت کے فروغ پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پاکستان کی سیاسی، سماجی اور قومی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں قیادت کے مواقع فراہم کرنے کی روایت قائم رکھی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کی سیاسی شرکت، تعلیم، معاشی خودمختاری اور فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر نمائندگی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ بشریٰ منصور مانیکا نے خواتین کو بااختیار بنانے اور خیبرپختونخوا میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے گورنر فیصل کریم کنڈی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کی فعال سیاسی شرکت ملک میں جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔