بھوٹان میں منعقدہ سیف چیمپئن شپ میں پاکستان کو گروپ مرحلے میں روایتی حریف بھارت اور مالدیپ کے ساتھ رکھا گیا ہے، ترجمان

ہفتہ 1 اگست 2026 21:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2026ء) بھوٹان کے شہر تھمپو میں منعقدہ سیف کانگریس کے دوران قرعہ اندازی کے بعد پاکستان کو سیف چیمپئن شپ کے گروپ مرحلے میں روایتی حریف بھارت اور مالدیپ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ پی ایف ایف کے ترجمان کے مطابق پاکستان کو خطے کے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کے گروپ بی میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ ایونٹ 4 نومبر سے 17 نومبر تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔

میزبان بنگلہ دیش کو گروپ اے میں سری لنکا اور بھوٹان کے ساتھ رکھا گیا ہے۔شاہینز اس ٹورنامنٹ میں جون میں مالدیپ میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کا تاریخی ٹائٹل جیتنے کے بعد بھرپور اعتماد کے ساتھ شرکت کریں گے۔ سیف چیمپئن شپ سے قبل نولبرٹو سولانو کی زیرِ قیادت پاکستان کی ٹیم ستمبر اور اکتوبر میں افتتاحی فیفا آسیان کپ میں بھی حصہ لے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان اور مالدیپ کا حالیہ مقابلہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں ہوا تھا، جہاں شاہینز نے عمر نواز، عبدالسماد اور ہارون حمید کے گولز کی بدولت 3-0 سے شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔بھارت کے خلاف یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کے درمیان 2023 سیف چیمپئن شپ کے بعد پہلا میچ ہوگا، جہاں پاکستان کو 4-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔سیف کانگریس کے دوران صدر قاضی صلاح الدین بھی بلا مقابلہ دوبارہ منتخب ہو گئے۔