آسیان کپ میں شرکت پاکستان فٹ بال کی تاریخ کا نیا باب شروع

ایونٹ کے لئے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنی ہوگی، انٹرنیشنل بالر جمشید انور رانا

اتوار 2 اگست 2026 13:05

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2026ء) سابق پاکستانی انٹرنیشنل فٹ بالر جمشید انور رانا نے کہا ہے کہ آسیان کپ میں شرکت پاکستان فٹ بال کی تاریخ کا نیا باب ہے اور ایونٹ کے لئے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر 2026 میں انڈونیشیا میں منعقد ہونے والے آسیان فٹ بال کپ میں پاکستان مینز فٹ بال ٹیم کی شرکت ملکی فٹبال کی تاریخ میں ایک نیا اور تاریخی سنگ میل ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک فیفا سے منسلک مقابلہ ہے اور اس میں شرکت ہر منتخب کھلاڑی پر قومی ذمہ داری عائد کرتی ہے۔ جمشید انور رانا نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ انفرادی تیاری کا آغاز فورا کریں، قومی ٹریننگ کیمپ کا انعقاد تو ہوگا ہی لیکن جدید فٹبال کے تقاضے بہت مختلف ہیں،آج کے دور میں صرف تکنیکی مہارت کافی نہیں۔

(جاری ہے)

عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے اعلی فٹنس، رفتار، برداشت اور مضبوط ذہنی استحکام ناگزیر ہیں،واضح رہے کہ ٹورنامنٹ دو ڈویژنز پر مشتمل ہوگا۔

ڈویژن ون کے مقابلے فیفا آسیان کپ کے نام سے انڈونیشیا میں منعقد ہوں گے جبکہ ڈویژن ٹو کے مقابلے فیفا آسیان چیلنج کپ کے تحت ہانگ کانگ، چین میں کھیلے جائیں گے۔ ڈویژن ون میں میزبان انڈونیشیا کے علاوہ پاکستان، ویتنام، ملائیشیا، بھارت، فلپائن، سنگاپور اور تھائی لینڈ شریک ہوں گے، جبکہ ڈویژن ٹو میں میزبان ہانگ کانگ، چین کے ساتھ برونائی دارالسلام، کمبوڈیا، لاس، میانمار اور تیمور لیستے حصہ لیں گے۔