سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام سی ایم پنجاب چمپئن لیگ کا شاندار آغاز

پیر 3 اگست 2026 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2026ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام سی ایم پنجاب چمپئن لیگ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ، پاکستان سپر لیگ کے بعد سی ایم پنجاب چمپئن لیگ کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، جس میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلنے والے نامور کرکٹرز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے،سی ایم پنجاب چمپئن لیگ کے مقابلے ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن میں کھیلے جائیں جارہے ہیں جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگا۔

افتتاحی روز سی ایم پنجاب چمپئن لیگ کے چار میچز کھیلے جارہے ہیں، ڈرنگ سٹیڈیم بہاولپورمیں دو میچز کھیلے جائیں گے،پہلے میچ میں فیصل آباد ہاکس اور ساہیوال اسٹالینز کی ٹیمیں سہ پہر 4بجے مدمقابل ہوں گی جبکہ دوسرا میچ بہاولپور نوابز اور لاہور لائنز کی ٹیموں کے درمیان رات 8 بجے کھیلا جائے گا، لاہور اسٹرائیکرز اور گجرات تھنڈر کا میچ شام 7 بجے ڈی جی خان کرکٹ سٹیڈیم میںکھیلا جائے گا جبکہ کرکٹ گراؤنڈ سپورٹس کمپلیکس ملتان میں شام 7بجے ملتان ماورکس اورلاہور ٹائیگرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی،لیگ کے تمام میچز لائیو ٹیلی کاسٹ کیے جارہے ہیں، تاکہ ملک بھر کے کرکٹ شائقین اس بڑے ایونٹ سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں۔

(جاری ہے)

سی ایم پنجاب چمپئن لیگ میں مجموعی طور پر 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں لاہور لائنز، بہاولپور نوابز، فیصل آباد ہاکس، سرگودھا شاہین، گوجرانوالہ وارئیرز، گجرات تھنڈر، لاہور اسٹرائیکرز، ڈی جی خان ٹائٹنز، لاہور ٹائیگرز، ملتان ماورکس، ساہیوال اسٹالینز اور راولپنڈی پینتھرز شامل ہیں۔