وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں پیشرفت کا جائزہ اجلاس ، نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 3 اگست 2026 20:45

وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2026ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجکاری کے مختلف مراحل کی بروقت تکمیل کے لئے متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی رابطے سے کام کریں، زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا طریقہ کار اس انداز میں وضع کیا جائے کہ بینک کا بنیادی مقصد اور زرعی شعبے میں اس کا کردار برقرار رہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نجکاری پروگرام کے تحت طے شدہ تمام اہداف اور ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، نجکاری کے مختلف مراحل کی بروقت تکمیل کے لئے متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی رابطے سے کام کریں ۔

(جاری ہے)

وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا طریقہ کار اس انداز میں وضع کیا جائے کہ بینک کا بنیادی مقصد اور زرعی شعبے میں اس کا کردار برقرار رہے، یقینی بنایا جائے کہ نجکاری کے بعد بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی قرضوں اور مالی وسائل کی فراہمی پر زرعی ترقیاتی بینک کی توجہ برقرار رہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے مالی وسائل تک رسائی کو یقینی بنانا ضروری ہے، زرعی ترقی پاکستان کی معاشی ترقی اور غذائی تحفظ کے لئے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

اجلاس میں وزارتِ نجکاری کی جانب سے وزیراعظم کو نجکاری پروگرام، مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری کے لئے اب تک ہونے والی پیشرفت اور آئندہ کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کے نجکاری پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 27 سرکاری ادارے تین مختلف مراحل میں نجکاری کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے حوالے سے فنانشل کلوزنگ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی پہلی فنانشل کلوزنگ اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی 29 جون 2026 کو مکمل ہوئی۔ وزیراعظم کو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری کے عمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تینوں کمپنیوں کے لئے اظہارِ دلچسپی مشتہر کیا جا چکا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ بالترتیب فیسکو کے لئے 7 اگست، گیپکو کے لئے 21 اگست اور آئیسکو کے لئے 7 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ان تقسیم کار کمپنیوں کیلئے بین الاقوامی کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس حوالے سے سرمایہ کاروں کے ساتھ روڈ شوز کا عمل بھی جاری ہے۔وزیراعظم کو زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی نجکاری کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ زرعی ترقیاتی بینک کی ٹرانزیکشن سٹرکچرنگ میں بینک کے زرعی قرضوں سے متعلق بنیادی مینڈیٹ کے تحفظ کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

اجلاس کو اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کی نجکاری پر پیشرفت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے نجکاری کے تمام جاری معاملات کی پیشرفت کی مسلسل نگرانی اور طے شدہ اہداف کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، جام کمال خان، احد خان چیمہ، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔