پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے قیام میں اہم پیش رفت، ہیوگوبینک کے سرمایہ میں 1.5 ارب روپے اضافے کی منظوری

بدھ 5 اگست 2026 23:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اگست2026ء) پاکستان میں مکمل ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ہیوگو بینک کے پیڈ اپ کیپیٹل میں 1.5 ارب روپے اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس سے ملک کے پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے کمرشل آپریشنز کے آغاز کی راہ مزید ہموار ہو گئی ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق ہیوگو بینک کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے قیام کی اصولی منظوری پہلے ہی حاصل ہے، جبکہ پاکستانی اور سنگاپوری سرمایہ کاروں پر مشتمل کنسورشیم اس منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ بیان کے مطابق بینک کے اسپانسرز مجموعی طور پر 60 ملین امریکی ڈالر کی ڈ* سرمایہ کاری کریں گے تاکہ ڈیجیٹل بینکاری کے جدید انفراسٹرکچر کو مضبوط بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ 1.5 ارب روپے کی نئی سرمایہ کاری سے ہیوگو بینک کے کمرشل آغاز کی راہ ہموار ہوگی، جس سے پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی شعبے میں مسابقت (کمپیٹیشن) بڑھے گی اور جدت پر مبنی مالیاتی خدمات کو فروغ ملے گا۔بیان کے مطابق ہیوگو بینک موبائل فون اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے برانچ لیس بینکاری خدمات فراہم کرے گا، جس سے صارفین کو روایتی بینک شاخوں پر انحصار کم کرنا پڑے گا۔

اس اقدام سے کم لاگت، تیز رفتار اور آسان مالیاتی خدمات کی فراہمی ممکن ہوگی، جبکہ ملک میں مالیاتی شمولیت (Financial Inclusion) کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔ایس ای سی پی نے اس پیش رفت کو پاکستان کے ڈیجیٹل بینکاری نظام کی ترقی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بینکاری خدمات مزید مؤثر، محفوظ اور صارف دوست بنیں گی۔