پنجاب کونسل آف دی آرٹس گوجرانوالہ کا یوم استحصال کشمیر پر تصویری نمائش کا انعقاد

جمعرات 6 اگست 2026 21:35

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2026ء) پنجاب کونسل آف دی آرٹس گوجرانوالہ ڈویژن محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے موقع پر تصویری نمائش، آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں شہر بھر سے نامور افراد اور کشمیری حقوق کے رہنما نے شرکت کی۔کشمیری رہنما پرویز اشرف ایڈوکیٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم سہتے ہوئے مظلوم کشمیری بھائیوں کو پون صدی سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس دوران عالمی برادری کی خاموشی ایک بہت بڑا سوال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کے دل کشمیری بھائیوں کے دلوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہم نے سفارتی محاذ پر ہمیشہ کشمیری بھائیوں کی حمایت کی ہے اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو آزادی کی نعمت ملے گی اور بھارتی ظلم و بربریت سے انہیں ہمیشہ کے لیے نجات مل جائے گی۔

(جاری ہے)

میڈیا پرسن سیف اللہ بھٹی نے اپنے خیالات کے اظہار کرتے کہا کہ بھارت نے جان بوجھ کر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کی ہے جس کی پوری دنیا میں مذمت کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کا جذبہ آزادی چٹان کی طرح مضبوط ہے اور انہیں آزادی کی منزل ضرور ملے گی۔ڈپٹی ڈائریکٹر گوجرانوالہ آرٹس کونسل محمد عرفان نے کہا کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کا حق ہے اور بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر کے مسلمان بھائیوں پر ظلم کی جو داستان رقم کی ہے اس کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ظلم چاہے جتنا بڑھ جائے بالآخر اسے ختم ہونا ہوتا ہے اور مقبوضہ وادی کے مسلمانوں کو بھی ان کی جدوجہد کا ثمر ان کی آزادی کی صورت میں ضرور ملے گا۔\378