Live Updates

امریکہ نے مذاکرات کی بھیک مانگی، ایران نے خود کو ناقابل تسخیر طاقت ثابت کردیا، ایرانی وزیر خارجہ

مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام نے متعدد مرتبہ کہا کہ ایرانی عوام نے ایک معجزہ کردکھایا اور پوری دنیا کو حیران کردیا، کسی کو توقع نہیں تھی کہ امریکہ کیخلاف ایران اس طرح مزاحمت کرسکے گا؛ عباس عراقچی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 11 اگست 2026 13:22

امریکہ نے مذاکرات کی بھیک مانگی، ایران نے خود کو ناقابل تسخیر طاقت ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2026ء) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے دنیا کے سامنے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایک ناقابلِ شکست اور مضبوط طاقت ہے، جس نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے دباؤ کے باوجود مزاحمت کی اور اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا، ایران نے خود کو ناقابل تسخیر طاقت ثابت کردیا تو امریکہ نے مذاکرات کی بھیک مانگی۔

ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ انہیں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام کی جانب سے متعدد مرتبہ یہ بات سننے کو ملی کہ ایرانی عوام نے ایک معجزہ کر دکھایا اور پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کسی کو توقع نہیں تھی کہ ایران امریکہ کے خلاف اس انداز میں مزاحمت کر سکے گا، امریکہ کو اسرائیل، مغربی دنیا اور بعض دیگر ممالک کی حمایت حاصل تھی، اس کے باوجود ایران نے اپنی دفاعی صلاحیت اور مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

عباس عراقچی نے جنگ کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے سامنے پیش کی گئی شرائط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے اس وقت ایران سے 'غیر مشروط ہتھیار ڈالنے' کا مطالبہ کیا تھا، امریکہ کی خواہش تھی کہ ایران غیر مشروط طور پر اس کے سامنے سرنڈر کر دے، تاہم حالات نے کچھ ہی عرصے بعد مختلف رخ اختیار کرلیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ تقریباً 20 روز بعد وہی فریق ایران کے ساتھ مذاکرات کا خواہاں نظر آیا، جنگ کے ابتدائی مرحلے میں امریکہ کا مؤقف انتہائی سخت تھا لیکن بعد میں مذاکرات کی ضرورت محسوس ہونا اس بات کی علامت ہے کہ ایران نے اپنی پوزیشن مضبوطی سے برقرار رکھی، حالیہ صورتحال نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ ایران کو دباؤ یا طاقت کے ذریعے آسانی سے اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹایا جا سکتا، ایران نے اپنی خودمختاری، قومی مفادات اور دفاع کے حوالے سے واضح عزم کا مظاہرہ کیا۔

Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات