سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشن آزادی سپورٹس مقابلوں کا آغاز

نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جشن آزادی ہاکی میچ کا انعقاد کیا گیا، لیزررن کے مقابلے پنجاب سٹیڈیم میں ہوئے جشن آزادی ہاکی میچ میں سپورٹس بورڈ گرین نے سپورٹس بورڈ پنک کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دے دی ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی ہاکی میچ کے مہمان خصوصی تھے، کھلاڑیوں نے پاکستان زندہ باد کے زندہ باد کے نعرے لگائے

منگل 11 اگست 2026 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام جشن آزادی کے حوالے سے میں کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز ہوگیا، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جشن آزادی ہاکی میچ کا انعقاد کیا گیا، جبکہ لیزررن کے مقابلے پنجاب سٹیڈیم میں ہوئے ،ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی ہاکی میچ کے مہمان خصوصی تھے،انہوں نے میچ دیکھا اورکھلاڑیوں کے کھیل کو سراہا،اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن چوہدری ظہور احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر زرینہ وقار، ہاکی کوچ رضیہ ملک اور لاہور ہاکی ایسوسی ایشن کی صدر سمیت دیگر متعلقہ حکام اور آفیشلز بھی موجود تھے،جشن آزادی ہاکی میچ میں سپورٹس بورڈ پنجاب گرین اور سپورٹس بورڈ پنجاب پنک کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہواجس میںسپورٹس بورڈ گرین نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ 2-1 سے جیت لیا،میچ کے موقع پر کھلاڑیوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب طارق قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی سپورٹس ایونٹ کا انعقاد صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی سربراہی میں کروایا جارہا ہے، جشن آزادی کے حوالے سے بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ہاکی، تائیکوانڈو، اتھلیٹکس، میٹ ریسلنگ ، کبڈی اور فٹ بال کے مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے، جو 14اگست تک جاری رہیں گے،14 اگست کو سی ایم پنجاب سائیکلنگ ریس لاہور سے ساہیوال تک منعقد ہوگی،جس میں صوبہ بھر سے سینکڑوں سائیکلسٹ شرکت کریں گے۔

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر سائیکلنگ ریس کے مہمان خصوصی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کو شاندار انداز میں منایا جارہا ہے، جشن آزادی کے موقع پر 14 اگست تک مختلف سپورٹس مقابلے جاری رہیں گے، سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈمیز کے کھلاڑیوں کے درمیان مختلف کھیلوں کے مقابلے کروائے جارہے ہیں تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع مل سکے۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے مزید کہا ہے کہ قومی کھیل ہاکی کی ترقی اور فروغ کے لیے سپورٹس بورڈ پنجاب بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو جدید سہولیات اور بہترین تربیت دی جارہی ہے تاکہ پنجاب سے باصلاحیت ہاکی کھلاڑی سامنے آئیں ۔ڈی جی سپورٹس پنجاب نے مزید کہا کہ جشن آزادی کے سپورٹس مقابلوں کا مقصد نوجوان نسل میں کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ حب الوطنی کے جذبے کو بھی اجاگر کرنا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام ہونے والے مقابلوں کا مقصد نوجوانوں کو صحت مندانہ اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔

پنجاب سٹیڈیم میں ہونیوالے لیزرن کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوئے جس میںگرلز انڈر 19 کیٹیگری میں آمنہ رفیق نے پہلی، آمنہ بی بی نے دوسری جبکہ جنت ملک نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بوائز انڈر 19 کیٹیگری میں عبداللہ رنجا نے پہلی جبکہ محمد شاہ میر علی نے دوسری پوزیشن حاصل کی،گرلز انڈر 17 کیٹیگری میں میراب شہزاد نے پہلی، مناہل فیصل نے دوسری جبکہ آمنہ نوید نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ماسٹرز لیزر رن میں اشفاق علی نے پہلی، صفدر نے دوسری جبکہ احتشام نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اوپن کیٹیگری میں طحہٰ نور نے پہلی، عبدالواحد نے دوسری جبکہ محمد عریب نے تیسری پوزیشن حاصل کی،بوائز انڈر 14 کیٹیگری میں اذان علی نے پہلی، اویس سلیمی نے دوسری جبکہ شان شاہد نے تیسری پوزیشن حاصل کی،گرلز انڈر 16 کے مقابلوں میں سکینہ افتخار نے پہلی، فخرا بی بی نے دوسری جبکہ عائشہ سلمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی،گرلز انڈر 14 میں حانیہ سیفدر نے پہلی، دعا نے دوسری جبکہ ساویرا اسحاق نے تیسری پوزیشن حاصل کی،گرلز انڈر 13 کیٹیگری میں فاطمہ رانی نے پہلی، حریم رحیم نے دوسری جبکہ ہمنہ عارف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔لیزر رن کوچ قیصر علی نے کم عمر کھلاڑیوں کو خصوصی تربیت دی ہے۔