مشعل پاکستان نے پاکستان ٹرانسپیرنسی رپورٹ 2026 جاری کردی،پاکستان میں احتساب کا جامع نظام موجود ہے، رپورٹ

بدھ 12 اگست 2026 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2026ء) مشعل پاکستان نے پاکستان ٹرانسپیرنسی رپورٹ 2026 جاری کردی، جس میں ملک میں ریاستی و حکومتی سطح پر شفافیت، احتساب، معلومات تک رسائی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے لیے ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 2 ہزار افراد کی رائے حاصل کی گئی، جن میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق سروے میں پاکستان کے تمام علاقوں کے رائے دہندگان کو شامل کیا گیا۔ شرکا میں 45 فیصد کی عمر 18 سے 25 سال جبکہ 35 فیصد کی عمر 26 سے 35 سال کے درمیان تھی۔ تعلیمی اعتبار سے 67 فیصد رائے دہندگان گریجویٹس، 32 فیصد ماسٹرز اور ایک فیصد پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھتے تھے۔مشعل پاکستان کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں احتساب کا ایک جامع نظام موجود ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں کے معلومات تک رسائی کے حق کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی سطح کے علاوہ چاروں صوبوں میں بھی قوانین نافذ ہیں۔رپورٹ کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی آڈیٹر جنرل پاکستان کی سالانہ رپورٹ کی بنیاد پر مختلف اداروں اور محکموں کا تفصیلی مواخذہ کرتی ہے۔ آڈیٹر جنرل پاکستان نے اپنے 29 ذیلی دفاتر کے ذریعے 683 آڈٹ مکمل کیے، جن کے دوران 224 ارب روپے کی بے قاعدگیاں سامنے آئیں۔

مشعل پاکستان کے مطابق ملک کے بڑے ریگولیٹری ادارے بھی باقاعدگی سے اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹس جاری کر رہے ہیں۔ ان اداروں میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) اور نیپرا شامل ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشعل پاکستان اس سے قبل پاکستان ریفارمز رپورٹ اور پاکستان فریڈم رپورٹ بھی جاری کر چکا ہے۔ پاکستان ٹرانسپیرنسی رپورٹ 2026 میں شفافیت اور احتساب کے موجودہ نظام کا جائزہ لیتے ہوئے شہریوں کی معلومات تک رسائی اور سرکاری اداروں کے آڈٹ سمیت مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔