دنیا کی کوئی طاقت ہمارے دلوں سے محبت مصطفی ﷺ کو ختم نہیں کرسکتی، پیر ارشدکاظمی

بدھ 12 اگست 2026 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2026ء) تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا ہے کہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ ہمارے ایمان، محبتِ رسول ﷺ اور عقیدت کا مظہر ہے، اس مقدس موقع کو بھرپور مذہبی جوش و جذبے، ادب و احترام اور شایانِ شان انداز میں منانے کے لیے سندھ بھر میں تیاریاں تیز کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا بابرکت مہینہ ہمیں آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی سیرتِ طیبہ، اسوہء حسنہ اور تعلیمات کو عام کرنے کا پیغام دیتا ہے، اس لیے میلادالنبی ﷺ کی محافل اور جلوسوں میں صرف ظاہری چراغاں ہی نہیں بلکہ سیرتِ مصطفی ﷺ کے پیغام کو بھی عام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک اہلسنّت پاکستان کے کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں میلادالنبی ﷺ کے پروگراموں کو بھرپور انداز میں منعقد کریں اور عوام کو حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات، محبت، اخوت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیں۔

(جاری ہے)

پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا کہ عشقِ رسول ﷺ ہماری سب سے بڑی متاع ہے اور دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں کے دلوں سے محبتِ مصطفی ﷺ کو ختم نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ میلادالنبی ﷺ کی محافل کو زیادہ سے زیادہ پُرامن، باوقار اور منظم بنایا جائے اور اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک اہلسنّت پاکستان سندھ بھر میں جشنِ میلادالنبی ﷺ کے سلسلے کو بھرپور انداز میں آگے بڑھائے گی اور ربیع الاول کے دوران سیرتِ طیبہ کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔