مہنگائی نے غریب کا نوالہ بھی چھین لیا، حکومت عملی اقدامات کرے، پاکستان سنی تحریک

یومیہ اجرت پر کام کرنے والا مزدور صبح سے شام تک خون پسینہ ایک کرنے کے باوجود اپنے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام نہیں کر پا رہا،بلال عباس قادری

بدھ 12 اگست 2026 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2026ء) پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے کہا ہے کہ مہنگائی نے غریب، متوسط اور سفید پوش طبقے سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث لاکھوں خاندان غذائی قلت اور شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ حکومتی دعوے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے ان کے مسائل کا مذاق بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔

اپنے بیان میں بلال عباس قادری نے کہا کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والا مزدور صبح سے شام تک خون پسینہ ایک کرنے کے باوجود اپنے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام نہیں کر پا رہا۔ آٹا، دال، چاول، سبزی، دودھ اور دیگر بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

غریب طبقہ پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار تھا، اب سفید پوش خاندان بھی اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مزدوروں کی اجرت میں اضافے کا اعلان کیا گیا، تاہم زمینی حقیقت یہ ہے کہ بہت سے مزدور آج بھی پرانی اور انتہائی کم اجرت پر کام کرنے پر مجبور ہیں۔ اجرت میں اضافے کا اعلان اگر مزدور کی جیب تک نہ پہنچے تو یہ ریلیف نہیں بلکہ محض سرکاری کاغذ کا ایک جملہ بن کر رہ جاتا ہے۔بلال عباس قادری نے کہا کہ حکومت اگر واقعی مزدور دوست اور عوام دوست ہونے کا دعویٰ کرتی ہے تو فوری طور پر اجرتوں میں اضافے پر سختی سے عملدرآمد کرائے، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائی کرے اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو عام آدمی کی قوت خرید کے مطابق لائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اصل کارکردگی تقریروں اور پریس کانفرنسوں سے نہیں بلکہ غریب کے گھر کے چولہے سے نظر آنی چاہیے۔ عوام کو اعلانات، وعدوں اور دعووں کے بجائے آٹا، دال، چینی، سبزی اور دیگر ضروری اشیائ کی قیمتوں میں حقیقی ریلیف درکار ہے۔پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر نے مطالبہ کیا کہ حکمران طبقہ اپنی مراعات اور شاہانہ اخراجات کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے اور مزدوروں، کم آمدنی والے افراد اور سفید پوش خاندانوں کے لیے فوری اور مؤثر معاشی پیکیج کا اعلان کیا جائے تاکہ عوام کو بھوک، بے روزگاری اور مہنگائی کے بڑھتے ہوئے عذاب سے نجات مل سکے۔