وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی دیر بالا میں مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر محمد نثار خان وردگ کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت

جمعرات 13 اگست 2026 21:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے دیر بالا میں مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر محمد نثار خان وردگ کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ محمد نثار خان وردگ کے حملے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خیبر پختونخوا کے عوام کو اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران دھرنا سیاست سے گریز اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کی کوششوں کو مؤثر بنایا جاسکے۔