ڈسٹرکٹ آرمڈ سروسز بورڈ لاڑکانہ کی جانب سے پاکستان کا 79واں جشنِ آزادی منانے کی تقریب

جمعہ 14 اگست 2026 13:32

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) ڈسٹرکٹ آرمڈ سروسز بورڈ لاڑکانہ کی جانب سے پاکستان کا 79واں جشنِ آزادی منانے کے سلسلے میں کمشنر آفس کے قریب قائم لاہوری اوور ہیڈ پل کے نیچے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آرمڈ سروسز بورڈ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران و ملازمین سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر جشنِ آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاڑکانہ، ریٹائرڈ اسکواڈرن لیڈر منصف علی نے کہا کہ آج ہم کمشنر لاڑکانہ، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ، ایس ایس پی لاڑکانہ اور لوکل گورنمنٹ کے افسران کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے اس پروگرام کے انعقاد میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک اور اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے۔

ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے اور ملک کی ترقی کے لیے دن رات محنت کرنی چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ اتحاد و اتفاق کے جذبے کے تحت ملک کو مضبوط اور قائم رکھنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان آزاد ملک کی حیثیت سے معرضِ وجود میں آیا۔ قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے ساتھیوں کی انتھک محنت، جدوجہد اور لاکھوں لوگوں کی قربانیوں کے نتیجے میں یہ ملک قائم ہوا اور آج ہم آزاد زندگی گزار رہے ہیں۔

ہمارا فرض ہے کہ ہم ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور جدوجہد کریں اور دن رات محنت کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے اور اگر دشمن نے ہمارے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم اسے کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔اس موقع پر ریٹائرڈ کیپٹن طاہر حسین خاصخیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن عید سے کم نہیں، کیونکہ ہمارے بزرگوں نے قائداعظم کی قیادت میں عظیم جدوجہد کی اور یہ ملک قائم ہوا۔

آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں اور ہم عہد کرتے ہیں کہ ملک کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اس موقع پر صوبیدار میجر راجا، نائب صوبیدار خادم حسین، نائب صوبیدار حاکم علی، حوالدار انعام علی، محمد رمضان (ویلفیئر آفیسر)، سدھیر احمد مشوری اور دیگر آرمی ویلفیئر افسران بھی موجود تھے۔تقریب کے اختتام پر "پاکستان زندہ باد" اور "پاک فوج زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔