سکھر میں 79واں یومِ آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا، پرچم کشائی کی پروقار تقریب

ہمیں قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور دیگر قومی رہنماؤں کے افکار و پیغام پر عمل کرنے کا عہد کرنا چاہیے،میئرسکھر

جمعہ 14 اگست 2026 18:50

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) 79ویں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ضلع انتظامیہ سکھر اور میونسپل کارپوریشن سکھر کے زیر اہتمام واکنگ ٹریک پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ، کمشنر سکھر ڈویڑن عابد سلیم قریشی، ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان اور ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد مغل نے قومی پرچم لہرایا۔

تقریب میں پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ کمانڈر یاسر کامران خواجہ، پاک فضائیہ، پاک فوج اور پولیس کے افسران، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، مختلف مذاہب کے رہنماؤں، خواتین، بچوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ہمیں قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور دیگر قومی رہنماؤں کے افکار و پیغام پر عمل کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسلح افواج، پولیس اور ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم اپنے گھروں میں سکون کی نیند سو رہے ہوتے ہیں تو ہماری افواج ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے چوکس کھڑی ہوتی ہیں۔رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے کہا کہ پاکستان پر عالمی اعتماد اس کی ترقی اور استحکام کا ثبوت ہے۔ ہمیں وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی کا جشن اور شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کا جوش و خروش قابل دید ہے۔

آج تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد پاکستان کے جشن آزادی میں شریک ہیں، جو قومی یکجہتی اور اتحاد کی بہترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کی پہچان ہے، دنیا میں پاکستان کو ملنے والی پذیرائی ہماری مسلح افواج کی مہارت اور صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی پروگرام دیا جبکہ محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سکھر کی جانب سے اعلیٰ خدمات انجام دینے والے سکھر کے افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سرٹیفکیٹس دینا ایک اچھی روایت ہے۔ انہوں نے شرکاء کے ہمراہ ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘ کا نعرہ بھی لگایا۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔