سکھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں، گنبدِ خضرا کے پرچم کی پرچم کشائی

مسلمان اپنے محبوب نبی ﷺ کا میلاد منا کر اللہ تعالیٰ کے عظیم احسان پر شکر ادا کرتے ہیں،مفتی محمدابراہیم قادری

جمعہ 14 اگست 2026 18:50

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) ماہِ ربیع الاول کی آمد کے ساتھ ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی جشنِ عید میلاد النبیﷺ شایان شان طریقے سے منانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ شہر کی مختلف مساجد اور شاہراہوں پر گنبدِ خضرا کے پرچم لہرانے کی تیاریاں جاری ہیں۔اس سلسلے میں جامع مکرانی مسجد، مدرسہ کنزالایمان، بندر روڈ سکھر میں گنبدِ خضرا کے پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی معروف عالم دین اور جانشین مفتی اعظم پاکستان حضرت علامہ مولانا مفتی محمد ابراہیم قادری تھے۔تقریب میں جمعیت علمائے پاکستان کے رہنماؤں، تنظیمات اہل سنت کے چیئرمین و مجاہد اہل سنت مشرف محمود قادری، صاحبزادہ سید حامد محمود فیضی، جامع مکرانی مسجد و مدرسہ کنزالایمان کی انتظامیہ کے عہدیداران اور عاشقان رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پرچم کشائی کے موقع پر شرکائ نے ’’سرکار کی آمد مرحبا‘‘ اور ’’یا رسول اللہ ﷺ‘‘ کے نعرے بلند کیے، جس سے فضا درود و سلام اور عقیدت کے نعروں سے گونج اٹھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جانشین مفتی اعظم پاکستان علامہ مولانا مفتی محمد ابراہیم قادری اور دیگر علما کرام نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ عیدوں کی عید اور رحمت و برکت کا ذریعہ ہے۔

مسلمان اپنے محبوب نبی ﷺ کا میلاد منا کر اللہ تعالیٰ کے عظیم احسان پر شکر ادا کرتے ہیں اور دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ وہ اپنے پیارے نبی ﷺ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیﷺ کی آمد سے دنیا سے جہالت کے اندھیرے ختم ہوئے اور روشن صبح کا آغاز ہوا۔ حضور اکرم ? کی تشریف آوری سے کفر و جہالت میں ڈوبی انسانیت کو ہدایت اور روشنی کا راستہ ملا۔

علما کرام نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب کو دنیا میں مبعوث فرما کر مسلمانوں پر عظیم احسان کیا، جس پر ہر مسلمان کو شکر ادا کرنا چاہیے۔ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر مسلمان اپنے گھروں، گلیوں اور محلوں کو سجا کر اپنے نبی کریم ? سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، خوشحالی و استحکام اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔