عمران خان قوم کی امید ہیں، انہیں فوری رہا کیا جائے، رضوان نیازی

سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی کمر توڑ دی، پی ٹی آئی رہنماء

جمعرات 20 اگست 2026 23:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2026ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے نائب صدر رضوان نیازی نے کہا ہے کہ عمران خان قوم کی آخری امید ہیں، انہیں فوری رہا کیا جائے، کیونکہ ملک میں سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔اپنے بیان میں رضوان نیازی نے کہا کہ ماضی میں آنے والے بیشتر سیاست دانوں نے قوم کے حقوق کے لیے اس طرح جیلیں نہیں کاٹیں، عمران خان وہ رہنما ہیں جنہوں نے ملک و قوم کے حقوق، آئین و قانون کی بالادستی اور مدینہ کی ریاست کی بات کی۔

انہوں نے عمران خان کو شفاہ اسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فیصلے پر فوری عملدرآمد کرایا جائے۔رضوان نیازی نے کہا کہ عمران خان کے نظریے پر پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور عوام کے ووٹ کو اہمیت دی جانی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت زوال کا شکار ہے اور غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں کاروبار بند کرکے جا رہی ہیں۔

ایسے حالات میں سنجیدہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی استحکام لانا ہے تو سب سے پہلے سیاسی استحکام پیدا کرنا ہوگا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی کمر توڑ دی ہے جبکہ غریب دو وقت کی روٹی کے لیے مشکلات کا شکار ہیں۔رضوان نیازی نے کہا کہ عوام کے ووٹ کو اہمیت دی جائے اور جمہوریت کو مضبوط کیا جائے، بصورت دیگر ملک ترقی کے بجائے مزید تنزلی کی طرف جائے گا۔