دوسری بڑی سندھ ای اسپورٹس چیمپئن شپ 2026کا باقاعدہ افتتاح

پیر 24 اگست 2026 21:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2026ء) صوبائی حکومت نے دوسری بڑی سندھ ای اسپورٹس چیمپئن شپ 2026کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق لیاقت لائبریر میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور سیکرٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں کھیلوں، تعلیم، ٹیکنالوجی اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا اہم حصہ ہے، سندھ ای اسپورٹس چیمپئن شپ نوجوانوں کے لیے فخر اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیکسورا کا دی نیکسٹ ایرا آف چیمپئنز منصوبہ نوجوانوں کو ایک پیشہ ورانہ پلیٹ فارم فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت نوجوانوں کو روایتی کھیلوں کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور ای سپورٹس میں بھی آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ای اسپورٹس نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔

سندھ ای اسپورٹس چیمپئن شپ میں سندھ بھر سے 1000 سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ فاتحین کے لیے 30 لاکھ روپے کی انعامی رقم مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں PUBG Mobile، Tekken 8 اور FC 27 جیسے معروف گیمز شامل ہیں، جس کے ذریعے ای اسپورٹس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا۔ چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ رائونڈز کراچی کی مختلف جامعات میں منعقد ہوں گے، جبکہ سیمی فائنلز کراچی کے معروف شاپنگ مالز میں ہوں گے۔

چیمپئن شپ کا گرینڈ فائنل اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے بھر میں جدید کھیلوں کی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ مختلف کھیلوں کے ایونٹس، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز اور کھلاڑیوں کی معاونت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرکھیل سردار محمد بخش خان مہر کی قیادت میں محکمہ کھیل سندھ بھر میں سال بھر کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کر رہا ہے، جبکہ گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

تقریب کے دوران قومی سطح کی چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 24 باکسرز، جوجڈسو کھلاڑیوں اور کوچز کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کے باصلاحیت باکسرز اور جوجڈسو کھلاڑیوں نے قومی و بین الاقوامی سطح پر صوبے کا نام روشن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

محکمہ کھیل، نیکسورا ٹیم، جامعات، پارٹنرز، اسپانسرز اور نوجوان گیمرز کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر ایسا پلیٹ فارم بنا سکتے ہیں جہاں نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو پہچان اور آگے بڑھنے کے مواقع ملیں۔ سندھ میں نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کیے جائیں گے۔تقریب میں وزیراعلی سندھ کے معائون خصوصی برائے آئی ٹی علی راشد، رکن سندھ اسمبلی صائمہ آغا، ڈائریکٹر اسپورٹس اسد اسحاق، سی ای او ٹرائے فٹ احمر اعظم، ڈالنس کے ولید حارث رانا سمیت واجد شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سید حبیب اللہ، ڈی ایس اوز اسماعیل شاہ، شکیل احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔