گورنر خیبرپختونخوا کا ڈیرہ اسماعیل خان میں واپڈا ، صحت ، ہوا بازی کے منصوبوں پر اہم پیشرفت کا اعلان

بدھ 2 ستمبر 2026 17:56

گورنر خیبرپختونخوا  کا ڈیرہ اسماعیل خان میں واپڈا ، صحت ، ہوا بازی کے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2026ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈی آئی خان کے عوام کے لیے بجلی، صحت، ہوابازی اور عوامی سہولیات کے متعدد فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں پر اہم پیشرفت کا اعلان کیا ہے۔ بدھ کو ترجمان گورنر ہاوس پشاور کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں گورنر نے کہا کہ پیسکو حکام کے ساتھ مسلسل اعلیٰ سطحی اجلاس جاری ہیں، بند کورائی گرڈ اسٹیشن میں نیا اور زیادہ طاقتور ٹرانسفارمر انسٹال کر کے اس پر لوڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔

ماضی میں جن منصوبوں کے صرف دعوے اور دیواروں پر اشتہار بنائے جاتے تھے، اب انہیں عملاً مکمل کیا جا رہا ہے ہم دعووں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں ۔انہوں کہا کہ ڈی آئی خان 2 گرڈ اسٹیشن کی لائننگ پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

اگرچہ قانونی اسٹے آرڈرز کی وجہ سے اصل لائن کا کام تاخیر کا شکار ہے تاہم متبادل اور ایمرجنسی سیکنڈ لائن کے 19 میں سے 10 پولز کی بنیادیں رکھی جا چکی ہیں اور 9 پر کام جاری ہے۔

اگلے ڈیڑھ سے دو ماہ کے اندر یہ پولز مکمل طور پر انسٹال کر دیے جائیں گے۔ گرڈ اسٹیشنز کے مکمل فعال ہونے سے علاقے میں بجلی کی ٹرپنگ اور لو وولٹیج کے مسائل کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے تحفے کے طور پر ڈی آئی خان میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی ) کے قیام کے لیے زمین کی خرید مکمل ہو چکی ہے، جلد ہی اس عظیم الشان طبی ادارے کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈی آئی خان گرین فیلڈ ایئرپورٹ کے لیے زمین کے انتظامی امور مکمل کیے جا چکے ہیں۔ متعلقہ بورڈ کی میٹنگ کے بعد ایئرپورٹ کی منظوری دی جائے گی جس کے بعد جلد اس کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نادرا ڈیرہ اسماعیل خان دفتر کے لیے صوبائی حکومت سے اراضی خریدی جا چکی ہے۔ اس جگہ پر جلد نادرا کی مستقل اور جدید عمارت کا بھی سنگِ بنیاد رکھا جائے گا تاکہ عوام کو تمام سہولیات ایک چھت تلے میسر آسکیں۔