ساہیوال،کالعدم تحریک لبیک کے دو عہدیدار جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

جمعرات 3 ستمبر 2026 22:00

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2026ء) سپیشل جج انسداد دہشت گردی عدالت ساہیوال ضیا اللہ خان نے کالعدم تحریک لبیک کے گرفتار دو عہدیداروں عبدالعلیم شاہد اور عمیر رشید کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے 17ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدیات کردی ۔

(جاری ہے)

عدالت نے سی ٹی ڈی کو مزید حکم دیا کہ ملزمان کی طرف سے جاری کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی 30 رسیدوں پر عبدالعلیم شاہد اور عمیر رشید کے دستخطوں کی تصدیق ڈی پی او آفس ساہیوال کے متعلقہ شعبہ سے 7 ستمبر کو ملزمان کو لے جا کر کرائی جائے اور اس حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔

واضح رہے کہ سی ٹی ڈی نے 24 اگست کو عارف والا روڈ، رحیم سٹی کالونی، مسجد انوار سفینہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک لبیک کی رکنیت سازی کی رسیدیں اور لٹریچر برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔تھانہ سی ٹی ڈی ساہیوال نے انڈر آفیسر اظہر حیات کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف دفعات 11-F(2)، 11-G(2) اور 11-N انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔