Live Updates

برمنگھم : یوم آزادی و یوم دفاع پاکستان کی مشترکہ تقریب، 20 نمایاں شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا

منگل 8 ستمبر 2026 21:24

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 ستمبر2026ء) قائداعظم ٹرسٹ یوکے کے زیرِاہتمام پریزیڈنٹ ہوٹل کے آڈیٹوریم میں یوم آزادی پاکستان اور یوم دفاع پاکستان کی مشترکہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں کمیونٹی خدمات کے اعتراف میں 20 نمایاں شخصیات کو تعریفی اسناد اور تمغے پیش کیے گئے، جبکہ قائداعظم ٹرسٹ کے پیٹرن اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ملک اور جیو نیوز کی رپورٹر صائمہ ہارون کو خصوصی شیلڈز دی گئیں۔

تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ملک، برمنگھم کے لارڈ میئر کونسلر ذاکر اللہ چوہدری، پاکستان کے قونصل جنرل فہد امجد، بریگیڈیئر (ر) سید مظفر الحسن اور جیمی بیکٹ فائر سروسز کے گروپ کمانڈر نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب کی صدارت قائداعظم ٹرسٹ یوکے کے چیئرمین راجہ محمد اشتیاق نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض ٹرسٹ کے انفارمیشن سیکرٹری عبدالوحید خان نے انجام دیے۔

(جاری ہے)

تقریب سے مہمانانِ خصوصی اور صدرِ تقریب کے علاوہ کونسلر شہریار کیانی، علامہ ظفر عباس، علامہ سید ظفراللہ شاہ، ملک عباس، کونسلر راجہ شوکت علی خان، کونسلر ساجد یونس، فہیم کیانی، آصف محمود بڑاھٹوی، قائداعظم ٹرسٹ کے پولیٹیکل سیکرٹری بیرسٹر شہزاد کریم چوہدری اور ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری بیرسٹر عمر بنیامین نے بھی اظہارِ خیال کیا۔تقریب کا آغاز بیرسٹر شہزاد کریم چوہدری کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ نعتِ رسول پیش کرنے کی سعادت عمران الٰہی اور حاجی خان بہادر نے حاصل کی۔

مقررین نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا، جن کی جدوجہد اور کوششوں کے نتیجے میں پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔ مقررین نے دفاعِ پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک افواج کے شہدائ اور غازیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔مقررین نے معرکہ حق کی کامیابی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر پاک سعودی ترکی معاہدے کو بھی سراہا گیا اور پاکستان کو تین ممالک کے اتحاد میں اہم ذمہ داری ملنے کو بڑی کامیابی قرار دیا گیا۔تقریب میں کمیونٹی کے قابلِ ذکر رہنماؤں، سفارت کاروں اور اعلیٰ عسکری شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ان افراد کی خدمات کو سراہا گیا جن کی لگن، خدمت اور عزم نے برطانوی معاشرے میں اتحاد کو مضبوط بنانے، امید کو فروغ دینے اور پاکستانی کمیونٹی کے مثبت اور دیرپا کردار کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

جن 20 شخصیات کو ان کی شاندار کامیابیوں، کمیونٹی خدمات اور پاکستان کا نام و وقار بلند کرنے پر ایوارڈز دیے گئے، ان میں ڈیٹیکٹو چیف انسپکٹر اور پاک پاکستان ایسوسی ایشن کے رہنما محمد یوسف خان، سٹرلنگ فارماسیوٹیکلز لمیٹڈ کے سی ای او و بانی ڈاکٹر قمر نواز، ریجنل ڈائریکٹر (ایشیا و افریقہ) یونیورسٹی آف گلوسٹر شائر ڈاکٹر واجد منہاس، چیئر برائے انسٹی ٹیوٹ آف ڈائریکٹرز (برٹش ایشین بزنس مین) مسٹر عابد خان، صدر پاکستان پریس کلب ویسٹ مڈلینڈز راجہ ناصر محمود، ماہرِ تعلیم و اسکالر ڈاکٹر محمد نصراللہ، ملٹری ہسٹورین اور جنگِ عظیم دوم میں مسلمان سپاہیوں کے کردار کو دستاویزی شکل دینے والے مسٹر جہان محمود، انٹرنیشنل کوہ پیما اور نیشنل اسٹریٹجسٹ راجہ کامران شہزاد، ممتاز بزنس مین چوہدری ایم فرید، ڈائریکٹر عالمگیر فوڈز لمیٹڈ چوہدری ایم عادل، برمنگھم کبڈی کلب اور ورلڈ بینی ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری محمد راسب پہلوان، کمیونٹی اینڈ یوتھ انگیجمنٹ لیڈر اور عاشق الرسول گروپ کے بانی عمران الٰہی، ویسٹ مڈلینڈز سٹیزن کرائم سٹاپ اور یوکے یوتھ اینڈ کمیونٹی ایمبیسیڈر راجہ محمد غفران، صدر تحریک کشمیر برطانیہ فہیم کیانی، پاکستانی موسیقی کے فروغ کے لیے عالمی سطح پر کردار کے حامل ایم ایوب ایم بی ای، سینئر کراؤن پراسیکیوٹر اور کامن ویلتھ یوتھ پیس ایمبیسیڈر نیٹ ورک کے کوآرڈینیٹر بیرسٹر ایم احمد، سینئر ایگزیکٹو آفیسر ہز میجسٹریز انسپکٹر محمد حنیف، ٹی وی اینکر اور شاعر افتخار احمد جگنو، لوکل گورنمنٹ فنانس اسپیشلسٹ، مذہبی اسکالر اور مصنف محمد ساجد یونس اور نعت انٹرنیشنل یوکے کے صدر ذوالفقار علی شامل ہیں۔

یوم آزادی پاکستان اور یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ مشترکہ تقریب کا اختتام ایک مشترکہ پیغام پر ہوا، جس میں برطانوی معاشرے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں پاکستانی تارکینِ وطن کی خدمات کو سراہا گیا۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات