سینٹ کمیٹی میں لوہے کے سکریپ پر ڈیوٹی ختم کرنے کا ذکر،لوہا چوروں کو چھٹی مل جائے گی،کامل علی آغا، یہ رعائت سلور ، کاپر ، پلاسٹک اور کیبل وغیرہ پردینے کی سفارش بھی منظور،فوجیوں کی بیواوٴں کی پنشن بڑھا کر 6ہزار کرنے اور خیبر پختونخواہ کو67بلین کے واجبات فراہم کرنے کی سفارش

جمعہ 13 جون 2014 07:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13جون۔2014ء)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں ایک موقع پر لوہے کے سکریپ پر ڈیوٹی ختم کرنے کا بھی ذکر آیا اور مسلم لیگ ق کے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ لوہے کی سیکریپ خریدنے پر ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے تاکہ لوہا چوروں کو کھلی چھٹی مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ رعائت سلور ، کاپر ، پلاسٹک اور کیبل وغیرہ پر بھی دی جائے جسے کمیٹی نے متفقہ طور پر منظور کر لیا ۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے آرمی کی فوجیوں کی بیواوٴں کی پنشن کو بڑھا کر 6ہزار کرنے اور خیبر پختونخواہ کو 1991سے پنجاب اور سندھ کو اپنا پانی فراہم کرنے پر 67بلین کے واجبات فراہم کرنے کی سفارش بھی کر دی ۔قائمہ کمیٹی نے متفقہ طور پر حکومت سے سفارش کی کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہ مہنگائی کے تناسب سے بڑھائی جائے ۔ انہوں نے تجویز کیا کہ سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 10فیصد اضافہ کیا جائے تاکہ انکی قوت خرید میں کچھ بہتری آسکے۔