وزیراعلیٰ پنجاب کی سولر منصوبے کی ٹرانسمیشن لائن اور دیگر امور سے متعلق ٹائم لائن پر عمل نہ کرنے پر متعلقہ حکام کی سرزنش، سخت برہمی کا اظہار،عوام بجلی کو ترسیں اور متعلقہ حکام ٹھنڈے کمروں میں بیٹھے رہیں، یہ سلسلہ نہیں چلے گا، توانائی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے متعلقہ ادارے باہمی کوآرڈینیشن سے کام کریں، منصوبوں کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایا جائے،پراجیکٹس کی مقررہ مدت میں تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، تمام متعلقہ ادارے اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس کریں،عوام کی توقعا ت پر پورا نہ اترنے اور نتائج نہ دینے والے افسروں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں، شہباز شریف اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 13 جون 2014 07:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13جون۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ قائداعظم سولرپارک میں پنجاب حکومت اپنے وسائل سے ایک ہزار میگاواٹ کا سولر منصوبہ لگائے گی جبکہ 100 میگاواٹ کے سولر منصوبے کو رواں سال کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔ سولر سمیت توانائی کے دیگر منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کے حوالے سے تمام وفاقی و صوبائی متعلقہ ادارے باہمی کوآرڈینیشن سے کام کریں اور منصوبوں کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایا جائے تاکہ توانائی بحران میں جلد سے جلد کمی لائی جاسکے ۔

توانائی منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل میں کسی قسم کی تاخیرکسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وہ یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں سولر منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے سولر پاور منصوبے کیلئے ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے حوالے سے ٹائم لائن پر عمل نہ کرنے پر متعلقہ اداروں کے حکام کی سرزنش کرتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے صرف نتائج چاہئیں، آپ کو توانائی منصوبوں پر عملدرآمد کی اہم اور قومی ذمہ داری سونپی گئی ہے جسے پورا کرنا آپ کا فرض ہے اور اس فرض کی ادائیگی میں کوئی غفلت یا کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سولرپاور منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری رکھنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور اس منصوبے کو روایتی انداز کی بجائے فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جائے۔ عوام بجلی کو ترسیں اور متعلقہ حکام ٹھنڈے کمروں میں بیٹھے رہیں، یہ سلسلہ آئندہ نہیں چلے گا۔ عوام کی توقعا ت پر پورا نہ اترنے اور نتائج نہ دینے والے افسروں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔

کارکردگی دکھانے والا افسر ہی اپنے عہدے پر رہ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ سولر منصوبے کے حوالے سے بجلی کی ترسیل کے نظام کے ساتھ ٹرانسمیشن لائن کے حوالے سے پہلے سے مقرر کردہ ٹائم لائن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور متعلقہ اداروں کو مقررہ مدت کے اندر تمام کام مکمل کرنا ہوگا۔ توانائی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے وسائل کی کوئی کمی نہیں۔

حکومت نے پہلے بھی اس سلسلے میں وسائل فراہم کئے ہیں اور آئندہ بھی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی متعلقہ ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اور منصوبے پر تیزرفتاری سے عملدرآمد کیلئے مقررکردہ اہداف کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ میں عوام کو جوابدہ ہوں، مجھے صرف نتائج چاہئیں۔ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو انتہائی فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہوگا اور توانائی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو ہرصورت یقینی بنانا ہوگا۔

اس موقع پروفاقی سیکرٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق سولر منصوبے کے حوالے سے بجلی کے ترسیلی نظام، ٹرانسمیشن لائن بچھانے اور دیگرامور کو مقررہ کردہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا اور اس ضمن میں آئندہ چند روز میں وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔معاون خصوصی عزم الحق، چیف سیکرٹری،وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی، چیئرمین قائداعظم سولر پارک ، صدر بینک آف پنجاب ، نیپرا، این ٹی ڈی سی ، میپکو اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام سمیت اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔