20ویں فیفا فٹ بال عالمی کپ2014ء کا برازیل میں آغاز ہوگیا ،میگا ایونٹ کی شاندا ر رنگا رنگ افتتاحی تقریب ، ایرینا ڈی ساوٴ پاوٴلو رنگ ونور میں نہا گیا ، جنیفر لوپز نے عالمی کپ کا آفیشلز سونگ گا کر شائقین کو گرما دیا

جمعہ 13 جون 2014 07:37

ساوٴ پاوٴلو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13جون۔2014ء)کھیلوں کی دنیا کے سب سے بڑے مقابلے فٹبال کے20ویں فیفا عالمی کپ2014ء کا برازیل میں آغار ہوگیا ہے ،میگا ایونٹ کی شاندا ر رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوئی ،جس کے دوران ایرینا ڈی ساوٴ پاوٴلو رنگ ونور میں نہا گیا ، امریکی گلوکارہ جنیفر لوپز نے عالمی کپ 2014ء کا آفیشلز سونگ گا کر شائقین کو گرما دیا ،جبکہ عرب آئیڈیل کے فاتح محمد عساف بھی اپنی آواز کا جادو جگا یا ۔

ان کے ساتھ برازیل کے معروف پیانسٹ نیلون ایریس ، معروف برازیلین میوزک آرٹسٹ ماریا ریٹا اور تقاریب کی جان فیرنانڈا لیما بھی موجود تھیں۔ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہی برازیل سمیت دنیا میں ہر طرف فٹبال کے رنگ بکھرگئے، افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے دنیا بھر سے شائقین فٹبال ساوٴ پاوٴلو اسٹیڈیم میں جمع تھے جہاں 600 سے زائد ڈانسرز، جمناسٹس اور فنکار اپنی مہارت سے لوگوں کو محظوظ کیا جبکہ آشبازی اور لائٹس کا دلکش منظر بھی مہمانوں کی توجہ کا مرکز رہا ۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب میں تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون سمیت 12 ممالک کے سربراہان مملکت نے شرکت کی جبکہ اس پر9ملین ڈالر کے اخراجات آئے اور 48گھنٹے تک اس کی ریہرسل ہوتی رہی ۔تقریب کو شائقین فٹبال فیفا کی آفیشل ویب سائٹ پر براہ رست بھی دیکھا جبکہ پاکستان میں بھی شائقین فٹبال اپنی نیندیں قربان کر کے میگاایونٹ سے محظوظ ہوسکتے ہیں۔

برازیل میں 1950 کے بعد دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کا انعقاد ہونے ہورہا ہے ۔

واضح رہے کہ برازیل دنیا کا وہ واحد ملک ہے جس نے اب سے قبل منعقدہ 19 ورلڈ کپ فائنلز میں شرکت کی، اسے سب سے زیادہ پانچ مرتبہ ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے، 2002 میں برازیل کو پانچویں اورآخری مرتبہ ورلڈ ٹائٹل دلوانے والے کوچ فلپ لوئس اسکولیری اس مرتبہ بھی بلند حوصلوں کے ساتھ ٹیم کو میدان میں اتاریں گے، برازیل کے ساتھ پوری دنیا میں فٹبال کا بخار اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔

۔برازیل میں چار سال تک ان مقابلوں کی تیاریوں کے دوران دنیا کی زیادہ تر توجہ ورلڈ کپ پر آنے والے اخراجات کے خلاف عوامی مظاہروں اور جھڑپوں پر مرکوز رہی۔تاہم آج سے ایک ماہ تک اس توجہ کا مرکز فٹبال کے برازیلی میدان ہوں گے جہاں دنیا کے 32 ممالک کی ٹیمیں دنیائے کھیل کے مقبول ترین ٹورنامنٹ کے 20ویں ایڈیشن کو جیتنے کے لیے کوشاں ہوگی۔ان مقابلوں کی افتتاحی تقریب ایرینا ڈی ساوٴ پاوٴلو میں برطانوی وقت کے مطابق شام سات بج کر پندرہ منٹ پر شروع ہوگی اور 25 منٹ تک جاری رہے گی۔

افتتاح کے بعد 1950 کے بعد پہلی مرتبہ اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والے ملک برازیل کی ٹیم کروئیشیا کے خلاف میدان میں اتری ۔برازیل کو اس ٹورنامنٹ میں اپنے ہوم کراوٴڈ کی توقعات کے شدید دباوٴ کا سامنا ہے جنھیں فتح سے کم کچھ قبول نہیں۔

برازیل کے تجربہ کار کوچ لوئیس فلپ سکولاری ماضی میں 2002 میں برازیل کو ورلڈ کپ جتوا چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ’ہمیں کسی اور مقصد میں دلچسپی نہیں، ہم صرف یہاں جیتنے جا رہے ہیں۔

‘برازیل اور کروئیشیا کی ٹیمیں ورلڈ کپ کے گروپ اے میں شامل ہیں اور اس گروپ کی دیگر دو ٹیموں میں میکسیکو اور کیمرون شامل ہیں۔بقیہ 28 ٹیموں کو دیگر سات گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جو برازیل کے بارہ مقامات پر دو ہفتے تک چلنے والے ابتدائی راوٴنڈ میں شرکت کریں گی۔ہر گروپ سے ابتدائی دو نمبروں پر رہنے والی ٹیمیں ناک آوٴٹ مرحلے میں جائیں گی جہاں وہ 13 جولائی کو ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں شرکت کے لیے کوشاں ہوں گی۔

اس ورلڈ کپ میں پہلی بارگول لائن ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جارہا ہے ۔سپین ان مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کر رہا ہے جبکہ برازیل، ارجنٹائن، اور جرمنی وہ دیگر ٹیمیں ہیں جنھیں یہ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :