صوبہ سندھ کا نئے مالی سال کا بجٹ آ ج پیش کیا جائے گا،نئے مالی سال کیلئے سندھ کا بجٹ 602ارب روپے سے زائد تجویز کئے جانے کا امکان،ترقیاتی بجٹ میں اضافے کے بجائے بیس ارب روپے کی کمی متوقع ، امن امان کیلئے 55 ارب ، تعلیم کیلئے 122 ارب اور صحت کے شعبہ کیلئے 46 ارب روپے تجویز کئے جا سکتے ہیں ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 12 فیصد تک اضافہ کئے جانے کا امکان ہے ، ذرائع

جمعہ 13 جون 2014 07:41

کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13جون۔2014ء) صوبہ سندھ کا نئے مالی سال کا بجٹ آ ج جمعہ کو پیش کیا جائے گانئے مالی سال کیلئے سندھ کا بجٹ 602ارب روپے سے زائد تجویز کئے جانے کا امکان ہے۔ ترقیاتی بجٹ میں اضافے کے بجائے بیس ارب روپے کی کمی متوقع ہے۔ بجٹ میں امن امان کیلئے 55 ارب ، تعلیم کیلئے 122 ارب اور صحت کے شعبہ کیلئے 46 ارب روپے تجویز کئے جا سکتے ہیں۔

۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے مالی سال دو ہزار 14 اور 15 کیلئے بجٹ سازی کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے سندھ کا مجوزہ بجٹ 602 ارب روپے سے زائد رکھے جانے کا امکان ہے۔ دہشت گردی کے درپیش چیلنجز کے باعث نئے مالی سال میں ہوم ڈیپارٹمنٹ یعنی امن و امان کا بجٹ 7 ارب روپے اضافے سے 55 ارب روپے یا اس سے زائد مختص کئے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

تعلیم کے شعبہ میں بہتری لانے کیلئے 10 ارب روپے تک اضافہ متوقع ہے۔

شعبہ تعلیم کا بجٹ 122 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے جبکہ صحت کے بجٹ میں بھی 7 ارب روپے تک اضافہ متوقع ہے جس کے نتیجے میں صحت کے شعبہ کیلئے 46 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے۔ نئے مالی سال میں موجودہ مہنگائی کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 12 فیصد تک اضافہ کئے جانے کا امکان ہے۔

نئے مالی سال میں صوبائی ترقیاتی پروگرام کیلئے گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 ارب روپے کمی سے 140 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے جس کے تحت 70 نئے ترقیاتی منصوبے اور اسکیمیں شروع کی جائیں گی جبکہ 95 جاری منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات کیلئے 437 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے جس میں سے 60 فیصد رقم تنخواہوں اور 40 فیصد رقم سازو سامان کی خریداری اور مینٹنس پر خرچ کی جائیں گی۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں صوبائی حکومت کی جانب سے پراپرٹی ، لینڈ ڈسپوزل اور کیپیٹل ویلیو ٹیکس وصولی کا اختیار لوکل گورئمنٹ کو دئیے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :