قاہرہ، 30 رکنی نئی مصری کابینہ نے حلف اٹھا لیا ،کابینہ میں وزارت اطلاعات و نشریات کا قلمدان شامل نہیں کیا گیا

بدھ 18 جون 2014 08:05

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جون۔2014ء) مصر کی نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ، نو منتخب صدر فیلڈ مارشل (ریٹائرڈ) عبدالفتاح السیسی نے حلف لیا۔ حلف برداری کی یہ تقریب قاہرہ کے صدارتی محل میں ہوئی جسے سرکاری ٹی وی نے براہ راست نشر کیا۔چار خواتین اور کئی ٹیکنو کریٹس پر مشتمل اس کابینہ کی سربراہی وزیر اعظم ابراہیم محلب کر رہے ہیں جو کہ پچھلے پانچ ماہ سے بطور نگران وزیر اعظم اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔

ابراہیم محلب، عبدالفتاح السیسی کے ہاتھوں مصر کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کی معزولی کے بعد سے وزارت عظمٰی کا عہدہ سنبھالنے والے دوسرے شخص ہیں۔ صدر السیسی نے بطور خاص محلب کو اس منصب پر کام جاری رکھنے کو کہا ہے۔عبدالفتاح السیسی نے گذشتہ ماہ صدارتی انتخاب میں اپنے مدمقابل کو بھاری ووٹوں سے شکست دینے کے بعد جون کے اوائل میں صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا تھا۔

(جاری ہے)

السیسی اس سے پہلے مصر کی طاقتور فوج کے سربراہ اور وزیر دفاع کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مصری صدر کا کہنا تھا کہ ملک کی سیکیورٹی اور معاشی حالت کو سنوارنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ حسنی مبارک کی اقتدار سے بیدخلی کے بعد سے پیدا ہونے والے افراتفری کو ختم کریں گے اور ملک کے مستحکم مستقبل کے لئے کام کریں گے۔ السیسی نے معزول صدر مرسی کے حامیوں اور جماعت کا نام لیے بغیر کہا کہ مصری حکومت اور شہریوں کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کوئی رو رعایت نہیں کی جائے گی۔