عراقی شہر بعقوبہ پر عسکریت پسندوں کے حملے ، 44 افراد ہلاک، متعدد زخمی

بدھ 18 جون 2014 07:51

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جون۔2014ء ) عراقی شہر بعقوبہ پر عسکریب پسندوں کے حملے میں 44 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تنظیم دولت اسلامی عراق و شام (داعش) اور عراقی سیکورٹی فورسز کے درمیان رات سے بھر پور لڑائی جاری ہے جب کہ عسکریت پسند دارالحکومت کی جانب گھیرا تنگ کر رہے ہیں اور وہ صرف بغداد سے 60 کلومیٹر دور رہ گئے ہیں اور بعقوبہ پر حملہ اسی سلسلے کی کڑی ہے،دوسری جانب وزیر اعظم کے سیکورٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کے حملے میں زیادہ تر قیدی مارے گئے جو جیل سے فرارہونے کی کوشش کررہے تھے۔

(جاری ہے)

لڑائی کے باعث بعقوبہ کی مرکزی تیل ریفائنری کو بند کردیا گیا ہے جبکہ اس میں موجود غیر ملکی ملازمین کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تیل ریفائنری کی بندش سے بجلی کی پیدوار شدید متاثر ہوسکتی ہے۔دوسری جانب جانب اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی برائے عراق نکولے ملادینوف نے خبردار کیا ہے کہ عراق کی بگڑتی ہوئی صورت حال اس کے وجود کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے جو پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عراق کے بحران کو خود عراقیوں کو حل کرنا چاہئے تاہم وہ عالمی برادری کی مدد اور علاقائی تعاون کے بغیر ایسا نہیں کر سکتے۔

متعلقہ عنوان :