جسٹس عمر عطاء بندیال نے سپریم کورٹ کے جج جبکہ جسٹس خواجہ امتیاز نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی حیثیت سے حلف اٹھالیا ،چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے جسٹس عمر عطاء بندیال سے اور گورنر پنجاب نے جسٹس خواجہ امتیاز سے حلف لیا ،تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وکلاء برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی

بدھ 18 جون 2014 07:39

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جون۔2014ء) سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عمر عطاء بندیال نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھالیا جبکہ جسٹس خواجہ امتیاز نے بھی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا حلف اٹھا لیا ۔ منگل کے روز اسلام آباد میں اس حوالے سے حلف برداری تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی نے لاہور ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس عمر عطاء بندیال سے عہدے کا حلف لیا تقریب میں معزز ججز چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ ،اٹارنی جنرل پاکستان ، سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن پاکستان ، نائب صدر پاکستان بار کونسل ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر و دیگر ججز اور وکلاء کی بڑی تعداد ن ے شرکت کی جبکہ دوسری جانب جسٹس خواجہ امتیاز احمد نے بھی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی حیثیت سے حلف اٹھالیا ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے ان سے عہدے کا حلف لیا ۔ خواجہ امتیاز احمد کے عہدے کی حلف برداری کی تقریب لاہور ہائی کورٹ میں منعقد ہوئی جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے خواجہ امتیاز سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ خواجہ امتیاز نے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوگئے تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وکلاء برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔