صدارتی استثناء ختم،سابق فرانسیسی صدر پر بدعنوانی کے باقاعدہ الزامات عائد،پانچ برس قید اور پانچ لاکھ یورو جرمانے کی سزا سنائے جا نے کا امکا ن ، پو لیس کی سرکوزی سے پندرہ گھنٹے تک تفتیش، سارکوزی پر الزام ہے کہ انہوں نے خفیہ عدالتی معلومات کے حصول کیلئے رشوت ادا کی تھی

جمعرات 3 جولائی 2014 05:28

پیر س (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جولائی۔2014ء ) فرا نس کے سابق صدر نکولا سارکوزی پر باقاعدہ طور پر بدعنوانی کے الزامات عائد کر دیے گئے ہیں۔ انہیں ممکنہ طور پر پانچ برس تک قید اور پانچ لاکھ یورو جرمانے کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ جبکہ اس سے قبل پو لیس نے پندرہ گھنٹے حراست میں بھی رکھا غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق سابق صدر سارکوزی پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے خفیہ عدالتی معلومات کے حصول کے لیے رشوت ادا کی تھی۔

فرانسیسی پولیس نے نکولا سارکوزی کو تقریبا پندرہ گھنٹوں تک زیرحراست رکھا تھا اور ان سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ پولیس نے سارکوزی سے پیرس کے مغرب میں واقع علاقے نیٹیرے میں تفتیش کی۔

ان سے اس بابت بھی تفتیش کی گئی کہ انہوں نے اپنی صدارتی مہم کے لیے لیبیا کے سابق رہنما معمر قذافی سے 50 ملین یورو کی غیرقانونی رقم حاصل کی تھی۔

(جاری ہے)

سارکوزی پر یہ الزام بھی عائد ہے کہ انہوں نے سن 2007ء میں منعقدہ عام انتخابات میں بے ضابطگیوں کی تفتیش کرنے والی عدالتی انکوائری کی معلومات خفیہ طور پر حاصل کرنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کیا تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق رات گیارہ بج کر چالیس منٹ پر سارکوزی کو پیرس کی ایک سول عدالت پہنچتے ہوئے دیکھا گیا، جہاں انہیں ججوں کے سامنے پیش کیا گیا۔ فرانسیسی قانون کے تحت کسی شخص کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا مطلب ہے کہ اس کے خلاف باقاعدہ طور پر تفتیش کا آغاز ہو رہا ہے، جس کے بعد ایسے ملزم کے خلاف عدالتی کارروائی شروع ہو جاتی ہے۔

سارکوزی ان الزامات کی تردید کرتے ہیں، تاہم عدالتی انکوائری کی معلومات کی فروخت میں مبینہ طور پر ملوث تھیئری ہیرسوگ اور ایک جج گیلبرگ ازیبرٹ کے خلاف معلومات کی فروخت کے الزامات کے تحت تفتیش باقاعدہ طور پر شروع کی جا چکی ہے۔فرانسیسی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ سابق سربراہ ریاست کو حراست میں لیا گیا ہے۔ جون 2012ء میں سوشلسٹ جماعت کے مقابلے میں انتخابات ہارنے کے بعد نکولا سارکوزی خود کو حاصل صدارتی استثناء کھو چکے ہیں۔

نیوز ایجنسی کے مطابق اگر سارکوزی پر یہ الزامات ثابت ہو گئے تو انہیں پانچ برس تک قید اور پانچ لاکھ یورو جرمانے کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ معلومات کے حصول میں غیرقانونی طور پر ملوث ہونے کے معاملے کے علاوہ سارکوزی کو مزید ایسے پانچ مقدمات کا سامنا ہے، جن میں سارکوزی مشتبہ طور پر براہ راست یا بالواسطہ طور پر ملوث ہوئے۔

گزشتہ برس اکتوبر میں ایک عدالت نے سارکوزی کے خلاف جاری اس تفتیش کو ختم کیا تھا، جس میں الزام عائد تھا کہ انہوں نے فرانس کی ایک انتہائی مالدار خاتون کی ذہنی کمزوری کا فائدہ اٹھایا اور ان سے اپنی انتخابی مہم کے لیے پیسے حاصل کیے۔فرانس کے سابق صدر ڑاک شیراک کو بھی عہدہ صدارت سے رخصتی کے بعد اپنے خلاف بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہیں 2011ء میں سزا بھی سنا دی گئی تھی لیکن مجرم قرار دیے جانے سے قبل جب ان سے پوچھ گچھ کی گئی تھی، تو پولیس نے انہیں کبھی حراست میں نہیں رکھا تھا۔