کابل میں خودکش حملہ، افغان ایئرفورس کے 5 افسر ہلاک،5 زخمی ، حملے میں وزارت دفاع کے ترجمان جنرل ظاہر اعظمی کی ہلاکت کی بھی تصدیق کر دی گئی

جمعرات 3 جولائی 2014 05:28

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جولائی۔2014ء ) کابل میں افغان فضائیہ کی بس کے قریب خود کش حملے میں افغان ایئرفورس کے 5 افسر ہلاک اور5زخمی ہوگئے۔کابل پولیس کے ترجمان کے مطابق خودکش حملہ ایئر فورس اہلکاروں کو لانے والی بس کے قریب کیا گیا، حملے میں زخمی پانچ اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔حکام کے مطابق حملہ کابل میں جس مقام پر کیا گیا اس کے قریب ہی کابل یونیورسٹی بھی واقع ہے اوردارلحکومت میں یہ علاقہ ہائی سکیورٹی زون میں شامل ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارکے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نے وزارت دفاع کے ترجمان جنرل ظاہر اعظمی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دارالحکومت کابل کے مغربی علاقے میں خود کش حملے کے نتیجے میں جنرل ظاہر اعظمی سمیت فضائیہ کے 5 افسران ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

خود کش حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملٹری عملہ معمول کے مطابق بذریعہ بس کام پر آرہا تھا کہ خودکش حملہ آور نے بس کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ جائے وقوعہ سے حملہ آور کے اعضا اکھٹے کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی۔

واضح رہے کہ افغان صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ کے قافلے کو 7 جون کو خود کش حملے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد فضائیہ افسران پر ہونے والا یہ دوسرا بڑا حملہ ہے۔