مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے بیرونی صحنوں میں واٹر سپرے فین 24گھنٹے چلانے کا فیصلہ

اتوار 6 جولائی 2014 06:01

مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جولائی۔2014ء)رمضان المبارک کے دوران مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں شدید دھوپ اور گرمی کو پیش نظر رکھتے ہوئے حرمین شریفین کی انتظامیہ نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے بیرونی صحنوں میں نصب کئے جانے والے واٹر سپرے فین 24گھنٹے چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسجد الحرام کے بیرونی صحن میں مزید 250نئے واٹر سپرے فین لگادئیے گئے ہیں جو 30سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر آٹو میٹک طور پر کام کرنا شروع کر دیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

آج کل یہ پنکھے 24گھنٹے چلائے جا رہے ہیں اور ہر آٹھ منٹ چلنے کے بعد صرف دو منٹ کے لئے وقفہ کرتے ہیں ۔

مکہ مکرمہ کے پتھریلے اور چٹیل علاقے میں شدید گرمی اور دھوپ کے دوران یہ واٹر سپر ے فین عبادت گزاروں کے لئے بہت بڑی سہولت ہیں ۔ مدینہ منورہ کا درجہ حرارت عام طور پر مکہ مکرمہ سے کم ہوتا ہے لیکن آج کل یہ بھی 46سینٹی گریڈ تک ہو جاتا ہے ۔ مسجد نبوی کی انتظامیہ نے مسجد کے بیرونی صحنوں میں نصب میکانکی چھتریوں کے ستونوں کے ساتھ 500بڑے واٹر سپرے فین لگا رکھے ہیں جو زائرین پر پانی کی پھوہار کا چھڑکاؤ کرتے ہیں جس سے انہیں طمانیت کا احساس ہوتا ہے ۔ ان واٹر سپرے فین کی بدولت دونوں مقدس مقامات پر عبادت کرنے والے کو گرمی کے احساس میں کمی ہوتی ہے ۔