سعودی عرب: سرکاری عمارت میں خودکش حملہ،دو محصور دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا،القاعدہ کے چھ ارکان نے سعودی باڈر سیکیورٹی فورس پر حملہ کیا۔ حملہ ناکام بنانے کے لئے سعودی اہلکاروں کی فائرنگ سے تین دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سعودی پارٹی کا ڈیوٹی پر موجود انچارج اپنے دو ساتھیوں سمیت جھڑپ میں جاں بحق ہوئے۔سعودی سیکیورٹی حکام

اتوار 6 جولائی 2014 05:55

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جولائی۔2014ء)سعودی عرب کے جنوبی علاقے شرورہ میں گذشتہ روز خود کو محصور کرنے والے دو دہشت گردوں نے ہفتے کو علی الصباح خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ذرائع نے 'العربیہ ڈاٹ نیٹ' کو بتایا کہ ہفتے اور جمعہ کے روز مارے جانے والے تمام دہشت گردوں کے نام کا اعلان ڈی این اے کا رزلٹ آنے کے بعد کر دیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑانے سے پہلے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں سے سخت مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

سعودی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز القاعدہ کے چھے ارکان نے سعودی باڈر سیکیورٹی فورس پر حملہ کیا۔

حملہ ناکام بنانے کے لئے سعودی اہلکاروں کی فائرنگ سے تین دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سعودی پارٹی کا ڈیوٹی پر موجود انچارج اپنے دو ساتھیوں سمیت جھڑپ میں جاں بحق ہوئے۔حملہ آور دہشت گردوں کے چوتھے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا، جس کا نام وزارت داخلہ کو مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھا۔ دو حملہ آور شرورہ کی سمت فرار ہو گئے، جنہوں نے بعد میں ایک سرکاری عمارت میں پناہ لے لی، سیکیورٹی حکام نے عمارت کا محاصرہ کر لیا، جہاں ہفتے کی صبح دونوں نے خود کو دھماکا کر کے ہلاک کر لیا۔