خیبرپختونخواحکومت کا سستے آٹے اور گھی کا خصوصی پیکیج اگلے ہفتے شروع کر نے کا فیصلہ، بجٹ اعلان کے مطابق صوبے کے غریب ترین طبقوں کیلئے سستا آٹا اور گھی کے پیکج پر کام تیز کیا جائے ،پرویز خٹک

اتوار 6 جولائی 2014 05:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جولائی۔2014ء)خیبرپختونخواحکومت نے سستے آٹے اور گھی کا خصوصی پیکیج اگلے ہفتے شروع کر نے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے حکام کو واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ بجٹ اعلان کے مطابق صوبے کے غریب ترین طبقوں کیلئے سستا آٹا اور گھی کے پیکج پر کام تیز کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ یہ پروگرام رمضان المبارک میں ہی صوبے کے تمام اضلاع میں بیک وقت اور یکساں طور پر شروع ہو اور پورے مالی سال کے دوران کامیابی سے جاری و ساری رہے تاکہ نہ صرف غریب خاندانوں کو اس فلاحی سکیم کا براہ راست فائدہ ہو اور انصاف کے تقاضے پورے ہوں بلکہ نادار لوگ اس ماہ مبارک کے دوران ہی پیکج سے مستفید ہونا شروع ہوں انہوں نے صوبے میں سستے بازاروں اور اشیاء کی طلب ورسد کی موثر نگرانی کی ہدایت بھی کی وہ اپنے دفتر سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں غرباء کیلئے بجٹ میں اعلان کردہ سستے آٹے اور گھی پیکج کو حتمی شکل دینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں صوبائی وزیر خوراک قلندر لودھی، چیف سیکرٹری امجد علی خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری خالد پرویز اور محکمہ ہائے خزانہ، منصوبہ بندی وترقیات، خوراک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ محکموں اور شعبوں کے انتظامی سیکرٹریوں اور حکام نے شرکت کی اور پروگرام کے خدو خال پر روشنی ڈالی

اجلاس کو بتایا گیا کہ پیکج پر جلداز جلد عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور سروے کے مطابق صوبے کے غریب ترین خاندانوں کی پہلے سے مرتب شدہ فہرست کو اپنایا جائے گا سکیم کے تحت نادار خاندانوں کو آٹا 10روپے فی کلو اور گھی 40روپے فی کلو کم ریٹ پر دیا جائے گاجس سے خیبر پختونخوا کے 9لاکھ 70ہزار سے زائد غریب ترین لوگ مستفید ہونگے اور صوبائی حکومت اس فلاحی پروگرام پر تقریباً 8ارب روپے سبسڈی دے گی وزیراعلیٰ نے غرباء کو یہ ریلیف جلد از جلد پہنچانے اور اس مقصد کیلئے آسان ترین اور باسہولت طریقہ کار اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے وسائل میں خاطر خواہ اضافہ کرے گی ہم نے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کی بجائے کرپشن کے دروازے بند کئے اور وسائل کا ضیاع روکانیز ترقیاتی فنڈز کا شفاف اور منصفانہ استعمال بھی یقینی بنایا گیا ہے جس کے بہتر نتائج سامنے آنا شروع ہوئے ہیں ہم اس مرتبہ غریب ترین طبقوں کو عارضی ریلیف دے رہے ہیں مگر ہماری کوشش ہے کہ اگلے مالی سال میں پورے صوبے کے عوام کو یکساں ریلیف ملے اور لوگ معاشی اور سماجی طور پر بہتری محسوس کریں اور انکا معیار زندگی بلند ہوپرویز خٹک نے صوبے کے بعض اضلاع میں درپیش مشکلات کے پیش نظر یہ پروگرام ابتدائی طور پر صرف آٹھ اضلاع میں شروع کرنے کی تجویز سے عدم اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہونگے اور باقی ماندہ اضلاع کے غرباء میں احساس محرومی جنم لے گا جو پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت کو ہر گز منظور نہیں انہوں نے ہدایت کی کہ یہ سکیم ہر صورت میں صوبے کے تمام اضلاع میں بیک وقت شروع کرنے کے بھر پور انتظامات کئے جائیں

اجلاس میں یہ سکیم پورے صوبے میں یکساں طورپر شروع کرنے کیلئے طریقہ کار اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے وزیراعلی نے پشاور سمیت تمام شہروں میں سستے بازاروں کے قیام ونگرانی کے نظام کو مربوط بنانے اور صوبے بھر میں ضروری اشیاء کے معیار و نرخوں اور طلب و رسد پر منظم چیک رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بٹگرام کے ڈسٹرک پولیس آفیسر جہانزیب خان کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے انہوں نے مرحومہ کی مغفرت کی دعا کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :