فیفا ورلڈ کپ فٹبال 2014: ارجنٹائن 24سال بعد ، برازیل 12سال بعد سیمی فائنل میں پہنچ گئی ، کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے جنوبی امریکی ٹیم کو 1-0جبکہ برازیل نے کولمبیا کو 2-1سے شکست دی ،۔ارجنٹائن نے اپنا آخری سیمی فائنل 1990 میں اٹلی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں کھیلا تھا اورگذشتہ دو ورلڈ کپ مقابلوں میں وہ کوارٹر فائنل کے مرحلے میں ہی باہر ہوئی تھی، ارجنٹائن کی طرف سے واحد گول گونزالو ہیگوئن نے لیونیل میسی کے پاس پر کیا ، بیلجئم کی ٹیم نے کئی چانس مس کردیئے ، کپتان اپنی ٹیم سے ناراض

اتوار 6 جولائی 2014 05:29

برازیلیا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جولائی۔2014ء) ورلڈ کپ فٹبال 2014ء کے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن 24سال بعد، برازیل 12سال بعد سیمی فائنل میں پہنچ گئی ، کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے جنوبی امریکی ٹیم بیلجئم کو 1-0سے شکست جبکہ برازیل نے کولمبیا کو 2-1سے شکست دی ۔ برازیلیا میں فٹبال کے ورلڈ کپ مقابلوں کا سیمی فائنل کھیلنے کے لیے ارجنٹائن کا 24 برس کا انتظار اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے اور جنوبی امریکی ٹیم 1990 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کی آخری چار ٹیموں میں شامل ہوگئی ہے۔

2014 کے ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے بیلجیئم کو ایک گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ارجنٹائن نے اپنا آخری سیمی فائنل 1990 میں اٹلی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں کھیلا تھا اورگذشتہ دو ورلڈ کپ مقابلوں میں وہ کوارٹر فائنل کے مرحلے میں ہی باہر ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

برازیلیا میں کھیلے جانے والی تیسرے کوارٹر فائنل میں کھیل تیزی سے شروع ہوا اور ارجنٹائن آغاز سے ہی بہتر ٹیم دکھائی دی۔

تیسرے ہی منٹ میں ارجنٹائن نے بیلجیئن گول پر بائیں جانب سے ایک خطرناک حملہ کیا جسے دفاعی کھلاڑی اور بیلجیئم کے کپتان ونسنٹ کومپنی نے ناکام بنا دیا۔اس کوشش میں ناکامی کے باوجود ارجنٹائن نے بیلجیئم کو مسلسل دباوٴ میں رکھا اور پھر میچ کے آٹھویں منٹ میں گونزالو ہیگوئن نے لیونیل میسی کے پاس پر گیند بیلجیئن گول میں پھینک دی۔ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد بیلجیئم کی ٹیم مزید دباوٴ میں آ گئی اور اس سے مسلسل غلطیاں ہوئیں جس پر کپتان کومپنی اور بیلجیئم کے کوچ ناراض بھی دکھائی دیے۔

دوسرے ہاف میں بھی کھیل کی رفتار تیز رہی اور میچ کے 54ویں منٹ میں ارجنٹائن کے لیے پہلا گول کرنے والے ہیگوئن کو برتری دگنی کرنے کا موقع ملا لیکن ان کی شاٹ کیپر کو چکمہ دینے کے باوجود گول پوسٹ سے ٹکرا کر باہر چلی گئی۔بیلجیئم کی ٹیم نے دوسرے ہاف میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک بیلجیئن حملے کے دوران ارجنٹائن کے کھلاڑی گیرے سے ’اون گول‘ ہوتے ہوتے رہ گیا۔

بیلجیئم کی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں میچ کے اختتام کے قریب گول کر کے جیتتی آئی تھی لیکن اس مرتبہ وہ ایسا کرنے میں ناکام رہی اور فتح ارجنٹائن کے حصے میں آئی۔سیمی فائنل میں ارجنٹائن کا مقابلہ ہالینڈ یا کوسٹاریکا سے ہو گا ۔ اس سے پہلے کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میں برازیل نے فٹبال کے 20ویں ورلڈ کپ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں کولمبیا کو ایک کے مقابلے میں دوگول سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

برازیلی ٹیم 12 برس کے وقفے کے بعد سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس نے آخری سیمی فائنل 2002 کے ورلڈ کپ میں کھیلا تھا۔فورٹالیزا میں کھیلے جانے والے کوارٹر میچ میں برازیل کی ٹیم نے اس کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی توقع میدان میں موجود ہزاروں مداحوں کو اس سے تھی۔اس ٹورنامنٹ میں برازیل کی کارکردگی پر انگلیاں اٹھائی جا رہی تھیں اور کہا جا رہا تھا کہ وہ ایک ٹیم کی طرح کھیلنے کی بجائے صرف اپنے سٹار سٹرائیکر نیمار پر بھروسہ کر رہی ہے۔

تاہم اس میچ میں آغاز سے ہی برازیل نے مخالف گول پر حملے شروع کر دیے جس کا نتیجہ ساتویں منٹ میں نیمار کی کوشش سے ملنے والے کارنر کی شکل میں نکلا۔اس کارنر پر نیمار کی کک پر کپتان تیاگو سلوا نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی۔رادریگز چھ گولوں کے ساتھ اس ورلڈ کپ کے ٹاپ سکورر ہیں برتری حاصل کرنے کے بعد بھی برازیل کا جارحانہ کھیل جاری رہا اور اس نے کولمبین گول پر متعدد اچھے حملے کیے۔

کولمبیا کے گول کیپر اوسپینا کے عمدہ کھیل کی وجہ سے برازیل پہلے ہاف میں مزید کوئی گول نہ کر سکا۔کولمبیا کو اس ہاف میں گول کرنے کے دو اچھے مواقع ملے مگر ان سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا۔66ویں منٹ میں کولمبیا کے نے گیند برازیلی گول میں پہنچا دی لیکن لائن مین پہلے ہی کولمبین کھلاڑی کو آف سائیڈ قرار دے چکے تھے اور یوں یہ گول مسترد کر دیا گیا۔

کولمبیا کے اس حملے کے جواب میں برازیلی موو پر مخالف کھلاڑی کو گرانے پر کولمبیا کے جیمز رادریگز کو پیلا کارڈ ملا اور اس فاوٴل پر ملنے والی فری کک پر 68 ویں منٹ ڈیوڈ لوئیز نے گول کر کے برازیل کی برتری دگنی کر دی۔میچ کے 77ویں منٹ میں برازیل کیپر ڑولیو سیزر نے کولمبین کھلاڑی کو برازیلی ڈی میں گرایا تو ریفری نے کولمبیا کو پنلٹی دی جس پر گول کر کے جیمز رادریگز نے خسارہ کم کیا۔

ڈیوڈ لوئیز نے برازیل کی جانب سے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دیاس گول کے ساتھ ہی رادریگز ورلڈ کپ کے لگاتار پانچ میچوں میں گول کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ ان سے قبل 2002 کے ورلڈ کپ میں برازیل کے ریوالڈو نے یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔رادریگز اب چھ گولوں کے ساتھ اس ورلڈ کپ کے ٹاپ سکورر ہیں۔ ان کے گول کے بعد کولمبیا کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی کوششیں تیز کر دیں تاہم وہ ان میں کامیاب نہ ہو سکے اور فتح برازیل کے حصے میں آئی۔

متعلقہ عنوان :