گریڈ1سے16 کے ملازمین کے لئے فلیٹس کا منصوبہ کئی سال کی لے دے کے بعد ختم کردیاگیا،کابینہ کمیٹی میں انکشاف

جمعہ 11 جولائی 2014 05:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جولائی۔2014ء)قومی اسمبلی کا قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سی ڈی اے نے گریڈ1سے16تک کے ملازمین کیلئے I-15میں 8ہزار فلیٹس بنانے کا منصوبہ بنایاگیاتھا مگر کئی سال کی جدوجہد کے بعد بالآخر اس منصوبہ کی لاگت میں کئی گنا اضافے کو دیکھتے ہوئے منصوبہ ہی ختم کردیاگیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی کا اجلاس سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں رانا محمد حیات خان کی صدارت میں ہوا،اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری،ملک ابرار احمد،سردار محمد عرفان ڈوگر،عبدالرحمان خان کانجو،روشن دین جونیجو اور ساجد نواز شریک ہوئے۔

اجلاس کاایجنڈا8نکات پر مشتمل تھا مگر صرف ایک نکتے پرہی بریفنگ ہوئی اور چےئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے بتایا کہ نومبر2005ء میں وفاقی حکومت نے گریڈ1سے16تک کے ملازمین کیلئے I-15 میں فلیٹ بنانے کا فیصلہ کیا اور مارچ2006ء میں میسرز اے آئی خان کو ٹھیکہ دیاگیا مگر پیش رفت نہ ہونے پر اپریل2007ء میں ٹھیکہ منسوخ کر دیا گیا اور پھر بولی کے ذریعے تین کمپنیوں کا انتخاب ہوا مگر بات چیت ہوئی تو معلوم ہوا کہ اخراجات درخواست گزاروں کی گئی پیش کش سے 200فیصد بڑھ چکے ہیں اس لئے منصوبہ ہی ختم کردیاگیا۔