وزیر اعظم نواز شریف کی گورنر ہاؤس کراچی میں مختلف اجلاسوں کی صدارت،گورنر سندھ کی تجویز پر ملیر موٹر وے کے لئے 42 ارب روپے کی اصولی منظوری

جمعہ 11 جولائی 2014 05:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جولائی۔2014ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے گورنر ہاؤس کراچی میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کی۔شہر کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی تجویز پر ملیر موٹر وے کے لئے 42 ارب روپے کی اصولی منظوری دی یہ نیا منصوبہ M9 کا حصہ ہوگا جو دونوں بندرگاہوں کو ملائے گااس کے علاوہ گرین لائن کے لئے 14ارب روپے فراہم کر دئے گئے ہیں جس کے ذریعے تیز رفتار بس سروس BRTکا فوری آغاز کیا جائے گا جب کہ ریڈ لائن کے لئے حکومت سندھ فنڈز فراہم کرے گی اور یلو لائن پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔

وزیر اعظم پاکستان نے عظیم تر منصوبہ آب رسانی K-IV کے 50فیصد فنڈنگ کی بھی منظوری دی جو تقریباً 12 ارب روپے ہوگا جب کہ بقیہ 50 فیصد حکومت سندھ ادا کرے گی اس کے علاوہ لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل کے لئے 6ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم پاکستان نے نکاسی آب کے منصوبہ S-III کی فزیبلیٹی کو دوبارہ مرتب کرنے کی ہدایت کی اور اس پر تعاون کا یقین دلایا جب کہ سرکلر ریلوے کی بحالی کے لئے تجاوزات کے خاتمہ کی بھی ہدایت کی۔ ملیر موٹر وے جو کہ ایک نیا منصوبہ ہے اس پر کام کے آغاز کے لئے این ایچ اے کو ہدایت جاری کردی گئی ہے ۔ معروف کنسلٹنٹ عارف عثمانی نے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔