تائیوان میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے 22 افراد ہلاک، 270 زخمی ، دھماکے کے باعث قریبی متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ،کئی گاڑیاں تباہ

ہفتہ 2 اگست 2014 09:01

تائی پے(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اگست۔2014ء)تائیوان میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے 22 افراد ہلاک جبکہ 270 زخمی ہوئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تائیوان کے جنوبی شہر ہوشیونگ میں زیر زمین گیس پائپ لائن اچانک دھماکے سے پھٹ گئی۔ دھماکوں کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 270 زخمی ہیں۔ دھماکے کے باعث قریبی متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔

فائر بریگیڈ کے امدادی عملے کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور مقامی ذرائع بتاتے ہیں کہ مختلف ہسپتالوں میں دھماکوں سے زخمی ہونے والوں کا ہجوم ہے۔نیشنل فائر ایجنسی کا کہنا ہے کہ جمعرات کی شام متاثرہ علاقے سے گیس لیک ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد دو سے تین مربع کلومیٹر کے علاقے میں دھماکے ہوئے۔

(جاری ہے)

سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں میں آنے والی تصاویر میں عمارتوں کو نذرِ آتش ہوتے اور سڑکوں کو پہنچنے والا شدید نقصان دیکھا جا سکتا ہے۔نیشنل فائر ایجنسی کا کہنا ہے کہ کم از کم 270 زخمی افراد کو علاج کے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔چینی خبر رساں ادارے شن نوا کا کہنا ہے کہ دھماکوں سے قبل مختلف سڑکوں کے گٹروں سے ’گیس جیسی بدبو‘ اٹھ رہی تھی۔

ہلاک ہونے والوں میں فائر بریگیڈ کے عملے کے پانچ اراکین بھی شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ قریبی علاقوں کے لوگوں کو سکولوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کی کوششوں کے باوجود مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے تک بھی مختلف مقامات پر شعلے بھڑک رہے تھے۔ٹائی پے سے بی بی سی کی نامہ نگار سنڈی سوئی نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کا عملہ ابھی تک ملبے تلے دبے افراد کو ڈھونڈ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :