شاہ عبداللہ کی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت ، اسرائیلی فوج جارحیت پر جنگی جرم کی مرتکب ہورہی ہے،عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،ہشتگرد اسلام پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں ان کو اسلام پر قبضے سے روکنا ہوگا، خادم الحرمین الشریفین کا آڈیو پیغام

ہفتہ 2 اگست 2014 09:01

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اگست۔2014ء)سعودی عرب کے خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج فلسطینیوں کیخلاف مظالم میں جنگی جرم کی مرتکب ہورہی ہے۔جدہ سے جاری آڈیو پیغام میں شاہ عبداللہ نے اسرائیلی جارحیت پر عالمی برادری کی خاموشی پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،عالمی برادری کا سنگین صورتحال پر رویہ جنگی جرم ہے۔

(جاری ہے)

سعودی فرمانروا نے کہا کہ دہشتگرد اسلام پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں ان کو اسلام پر قبضے سے بچانا ہوگا۔مذہبی سکالر اور علمائے دین اسلام کو دہشتگردوں کے ہاتھوں یرغمال ہونے سے بچائیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا چاہئے۔سعودی عرب کو مایوسی ہے کہ خطے کی صورتحال پر ان کے مشورے پر عمل نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو آنے والی نسل کو انسانیت پر بھروسہ نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ غرہ کی صورتحال پر دونوں فریقین اپنے رویے پر نظرثانی کریں تاکہ خطے میں امن کی فضاء بحال ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :