مری میں ہوٹل مالکان کی غنڈہ گردی اور من مانیاں عروج پر ، حکومتی وزیر شاہد خاقان عباسی اور ایم پی اے اشفاق سرور کے حلقہ انتخاب میں ہوٹل من وسلوٰی کے مالکان کا سیاحوں سے زائد کرائے کا مطالبہ ، نہ دینے پر مار مار کر لہولہان کردیا ، واقعہ کی کوریج پر میڈیا کے افراد کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا ، گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے ، میڈیا پر خبر آنے پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ، وزیر قانون پنجاب رانا مشہود نے سیاحوں اور میڈیا کو معاملے کی مکمل انکوائری کرکے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی ، آر پی او کی ہدایت پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر 8افراد کو گرفتار کرکے ہوٹل سیل کردیا

ہفتہ 2 اگست 2014 08:55

مری(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اگست۔2014ء) مری میں ہوٹل مالکان کی غنڈہ گردی اور من مانیاں عروج پر ،زائد کرایہ نہ دینے پر سیاحوں پر تشدد مار مار کر لہولہان کردیا ، واقعہ کی کوریج کرنے پر میڈیا کے افراد کو بھی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ،فیملی کے ساتھ ہوٹل عملہ بدتمیزی سے پیش آتا رہا، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا ، وزیر قانون پنجاب کی واقعہ کی مکمل تحقیقات کی یقین دہانی ، آر پی او کی ہدایت پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر آٹھ افراد کو گرفتار کرکے ہوٹل کو سیل کردیا ۔

جمعہ کے روز مری میں سیاحوں کا جم عفیر امڈ آیا جس کی وجہ سے ہوٹل مالکان نے من مانیوں پر اتر آئے ۔ حکومتی وزیر شاہد خاقان عباسی اور ایم پی اے اشفاق سرور کے حلقہ انتخاب میں ہوٹل من و سلٰوی کے مالکان نے سیاحوں سے زائد کرایہ کی وصولی کا مطالبہ کیا تو سیاحوں نے زائد کرایہ دینے سے انکار کردیا جس پر ہوٹل مالکان طیش میں آگئے اور انہوں نے سیاحوں پر لاتوں ، مکوں اور گھونسوں کی بارش کردی جس سے سیاح لہولہان ہوگئے اس واقعہ میں نجی چینلز نے کوریج کرنے کی کوشش کی تو مالکان نے دو چینلز کی ڈی ایس این جی کے شیشے توڑ ڈالے اور رپورٹرز اور کیمرہ مینوں سے کیمرہ چھیننے کی کوشش کرتے ہوئے انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا واقعہ کی خبر میڈیا پر آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر قانون پنجاب رانا مشہود احمد نے سیاحوں اور میڈیا کو معاملے کی مکمل انکوائری کرکے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی ۔ آر پی او کی ہدایت پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ سیاحوں اور میڈیا پر تشدد کرنے والے آٹھ افراد کو گرفتار کرکے ہوٹل کو سیل کردیا ۔