حکومت کی ناکامی کو جمہوریت کی ناکامی تصور نہیں کیا جانا چاہیے،سراج الحق، ملک انتہائی گھمبیر حالات سے گزر رہا ہے، پارٹی مفادات سے بالا تر ہوکر سوچنے کی ضرورت ہے،کارکنوں سے خطاب

ہفتہ 2 اگست 2014 08:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اگست۔2014ء)جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسراج الحق نے کہا ہے کہ ملک انتہائی گھمبیر حالات سے گزر رہا ہے ۔ پارٹی مفادات سے بالا تر ہوکر سوچنے کی ضرورت ہے۔ حکومت کی ناکامی کو جمہوریت کی ناکامی تصور نہیں کیا جانا چاہیے۔ ملک کے غریب اور محروم طبقات کو ساتھ ملا کر اقتدار اور وسائل پر قابض بالادست طبقات کو چیلنج کرونگا۔

فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو لگام دینے کے لئے مسلم سربراہان حکومت اپنی ذمہ دراریاں پوری کریں۔ 10اگست کو اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہونے والے عظیم الشان مارچ میں عوام بھر پور شرکت کریں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے ایک پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے تحصیل منڈہ ضلع دیر پائیں کے علاقہ شلکانڑی میں حجرہ احسان اللہ خان میں معززین علاقہ اور جماعت اسلامی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ ملک کے 18کروڑ عوام حکمرانوں اور سیاسی قیادت سے اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسائل کی جڑ ملک کے اقتداراور وسائل پر قابض مٹھی بھر اشرافیہ ہے جو عوام کے سروں پرمسلط ہے لیکن انشاء اللہ تعالی ملک کے غریب اور محروم طبقات اور بالخصوص نوجوانوں کو ساتھ لیکر ملک میں حقیقی انقلاب برپا کروں گا، جس کے نتیجے میں ملک کے غریب عوام کے دن پھریں گے اور ظلم کی طویل سیاہ رات کا خاتمہ ہوگا۔

اور ترقی و خوشحالی کے ایک نئے اسلامی دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ شریعت در اصل انسان کو انسان کی غلامی سے نجات دلا کر انہیں اللہ کی بندگی میں دینے اور لوگوں کو عدل وانصاف ، تعلیم ، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی بلا امتیاز فراہمی کا نام ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیلی فوج کے مظالم تمام حدود عبور کر چکے ہیں لیکن یہ بدقسمتی ہے کہ اسلامی ممالک کی حکومتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت کو آگے بڑھ کر اس نازک وقت میں اُمت مسلمہ کی قیادت کا فریضہ ادا کرنا چاہیے اور اسرائیلی مظالم کا راستہ روکنے کے لئے متحدہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :