امن وامان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر 111بریگیڈ کے جوانوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ، پارلیمنٹ ہاؤس ایوان صدر اور پاک سیکرٹریٹ پر بھی سیکورٹی انتظامات مزید سخت کردئیے گئے

جمعہ 22 اگست 2014 08:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اگست۔2014ء)امن وامان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر 111بریگیڈ کے جوانوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کردیاگیا جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس ایوان صدر اور پاک سیکرٹریٹ پر بھی سیکورٹی انتظامات مزید سخت کردئیے گئے۔جمعرات کے روز آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کے بعد تحریک انصاف کی طرف سے آنے والے ردعمل کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس سمیت ریڈزون میں اہم عمارتوں کی سیکورٹی پر تعینات فوجی جوانوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جمعرات کے روز دن دو بجے کے قریب پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکورٹی پر مامور 111بریگیڈ کے جوانوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے کمانڈر111بریگیڈ بریگیڈےئر سرفراز نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ بھی کیا ہے۔ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنے دورے کے دوران سیکورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔دوسری جانب جمعرات کے روز پاک سیکرٹریٹ ،ایوان صدر،وزیراعظم ہاؤس،فارن آفس اور ڈپلومیٹک انکلیو کی سیکورٹی میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :