عمران خان نے ہتک عزت دعوے پر سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بھجوایا گیا جواب واپس لے لیا،عمران خان کی ہدایت پر جواب بھیجا ان کی ہدایت پر واپس لے لیا،اب میرا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں،حامد خان کا اعلان

جمعرات 28 اگست 2014 08:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اگست۔2014ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہتک عزت دعوے پر سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے نوٹس پر دیا گیا جواب واپس لے لیا ہے اور ان کے وکیل حامد خان نے کہا ہے کہ انہوں نے عمران خان کے مشورے سے ہی جواب بھیجا تھا اور اب ان کی ہدایت پر ہی واپس لے لیا ہے اور میں اب اس معاملے سے الگ ہوگیا ہوں۔

(جاری ہے)

ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے اب کوئی اور وکیل اس معاملے کو دیکھے گا۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ جواب عمران خان کے مشورے سے ہی تیار کیا تھا اور اب انہوں نے اسے واپس لینے کی ہدایت دی ہے۔واضح رہے کہ حامد خان اور احمد اویس کی طرف سے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو جواب بھجوایا گیا تھا جس میں آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے ان کی خدمات کی تعریف کی گئی تھی ۔سابق چیف جسٹس نے گزشتہ روز صحافیوں کو بتایا تھا کہ عمران کے جواب کا ان کے وکلاء جائزہ لے رہے ہیں تاہم اب یہ جواب واپس لے لیا گیا ہے۔