قطر کی غزہ میں مستقل فائر بندی معاہدے کی تعریف ،تعمیر نو میں مدد کی پیشکش

جمعرات 28 اگست 2014 07:51

دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اگست۔2014ء)فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے اہم حمایتی قطر نے غزہ میں فائربندی معاہدے کو سراہتے ہوئے سات ہفتے کی اسرائیلی بمباری سے تباہ شدہ علاقے کی تعمیر نو میں مدد کی پیشکش کی ہے۔تیل کی دولت سے مالامال خلیجی ملک نے ایک بیان میں کہا کہ دیرپا فائر بندی کا معاہدہ جو منگل کے روز عمل میں آیا اس پر سب سے پہلے فلسطینیوں کی مزاحمت اور قربانیوں کیلئے شکریہ ادا کیا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

اس کا کہنا ہے کہ قطر ،جہاں اسلام پسند تحریک حماس کے جلا وطن رہنما خالد مشعل مقیم ہیں،غزہ پٹی کی ہر ممکن طور پر جلد سے جلد بنیادوں پر تعمیر نو میں حصہ لینے کیلئے تیار ہے۔تنازعہ کا آغاز8جولائی کو ہوا تھا جب اسرائیل نے سرحد پار راکٹ حملے روکنے کیلئے آپریشن تحفظ کنارے کا آغاز کیا اور2143فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ اسرائیل کی طرف سے 70ہلاکتیں ہوئیں۔مصر کی ثالثی کے نتیجے میں جنگ کا خاتمہ عمل میں آیا ہے جس سے غرہ میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔معاہدے کیلئے مذاکرات میں فلسطین کے اہم مطالبے مفلوک الحال ساحلی پٹی کے 8سالہ اسرائیلی محاصرے میں نرمی کیلئے مطالبہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :