تحریک انصاف، عوامی تحریک کے کارکنان نے پارلیمنٹ ہاوٴس کا جنگلہ توڑ نے کے بعد احاطے میں شامیانے تان کر سبزہ زار میں ڈیرے لگالئے

پیر 1 ستمبر 2014 07:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1ستمبر۔2014ء) تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنان نے پارلیمنٹ ہاوٴس کا جنگلہ توڑ نے کے بعد احاطے میں شامیانے تان کر سبزہ زار میں ڈیرے لگالئے۔میڈیاررپورٹ کے مطابق اسلام آباد کا ریڈ زون عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں سے میدان جنگ بنا ہے۔ پولیس اور مظاہرین میں کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری ہیں۔

جھڑپوں کا مرکز پاک سیکریٹریٹ کا علاقہ بنا ہوا ہے اور پولیس کی بھاری نفری مظاہرین کو وزیرِ اعظم ہاوٴس کی جانب جانے سے روکنے کے لیے تعینات ہے۔ پولیس نے مظاہرین کو وزیر اعظم ہاوٴس کی جانب بڑھنے سے روکنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں استعمال کیں۔ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مظاہرین پولیس کی شیلنگ کے باوجود وزیر اعظم کی طرف پیش قدمی کرتے رہے۔

(جاری ہے)

لاٹھیوں اور پتھروں سے لیس مظاہرین پولیس کے حصار کو عبور کرکے کابینہ ڈویڑن کے جنگلے توڑ دیئے اور پارلیمنٹ ہاوٴس کے احاطے میں پہنچ گئے۔ مظاہرین نے پارلیمان کے احاطے میں داخل ہونے کے بعد اس کے سبزہ زار میں خیمے لگا لیے۔ مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر پریس کانفرنس کے ڈائس پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔ مظاہرین کابینہ ڈویژن کے احاطے میں داخل ہونے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔