بھارت:چیمپیئنز لیگ میں لاہور لائینز کی شرکت مشکوک،پی سی بی نے لیگ میں شرکت کیلئے پاکستان وزارت داخلہ سے اجازت طلب کررکھی ہے تاہم ابھی تک لاہور لائینز کو وزارت کی جانب سے کلئیرنس نہیں مل سکی

پیر 1 ستمبر 2014 07:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1ستمبر۔2014ء) بھارت میں اگلے ماہ سے شروع ہونیوالی چیمپیئنز لیگ میں پاکستان کی قومی چیمپیئن لاہور لائینز کی شرکت مشکوک ہوگئی۔ بھارت کے مختلف شہروں میں تیرہ ستمبر سے چیمپیئنز لیگ کا میلہ سجنا ہے جس میں پاکستان کی قومی ٹی ٹوئینٹی چیمپیئن لاہور لائینز نے محمد حفیظ کی قیادت میں شرکت کیلئے نو ستمبر کو بھارت روانہ ہونا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور لائینز کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری ہے۔پی سی بی نے لیگ میں شرکت کیلئے پاکستان وزارت داخلہ سے اجازت طلب کررکھی ہے تاہم ابھی تک لاہور لائینز کو وزارت کی جانب سے کلئیرنس نہیں مل سکی اور اجازت ملنے کے بعد کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ویزوں کی درخواستیں بھارتی ہائی کمیشن کو دی جائیں گی جو ایک طویل پروسس ہے لہذا اس صورتحال میں لاہور لائینز کی لیگ میں شرکت مشکوک دکھائی دیتی ہے۔آخری چیمپیئنز لیگ میں فیصل آباد وولوز نے شرکت کی تھی۔