ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کو ورلڈ کبڈی لیگ کی ایگزیکٹو باڈی کا رکن بنا دیا گیا،کبڈی کے کھیل کے فروغ میں عثمان انور کی گراں قدر خدمات ہیں، انکی کوششوں سے پاکستان میں یہ کھیل مقبول ہورہا ہے، ڈ پٹی وزیر اعلیٰ بھارتی پنجاب سکھبیر سنگھ بادل،لاہور لائنز کے مینجر وقاص اکبر کی ملاقات، لیگ کے امریکہ میں ہونیوالے میچوں کا شیڈول تبدیل کردیا، اب یہ مقابلے 13ستمبر کی بجائے 15اکتوربر سے شروع ہونگے

پیر 1 ستمبر 2014 07:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1ستمبر۔2014ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور کو ورلڈ کبڈی لیگ کی ایگزیکٹو باڈی کا رکن بنا دیا گیا ہے، یہ بات بھارتی پنجاب کے ڈپٹی وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل نے سپورٹس بورڈ پنجاب کی کبڈی ٹیم لاہور لائنزکے مینجر وقاص اکبر کو بتائی جنہوں نے اتوارکے روز بھارت کے شہر نئی دلی میں ان سے ملاقات کی، ملاقات میں سکھبیر سنگھ بادل نے کہاکہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور کی کھیلوں کیلئے گراں قدر خدمات ہیں جن کے اعتراف میں انکو ورلڈ کبڈی لیگ کی ایگزیکٹو باڈی کا رکن بنایا گیا ہے، ایگزیکٹو باڈی تین ارکان پر مشتمل ہے، سکھبیر سنگھ بادل نے لاہور لائنز کے مینجر کی درخواست پر ورلڈ کبڈی لیگ کے شیڈول میں تبدیلی کردی ہے، 13ستمبر کو امریکہ میں شروع ہونیوالے مقابلے اب 15اکتوبر سے شروع ہونگے، سکھبیر سنگھ بادل نے ورلڈ کبڈی لیگ میں تعاون اور کبڈی کے کھیل کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے پر ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کا شکریہ اد اکیا اور کہا کہ ان کی کوششوں سے پاکستان میں کبڈی کا کھیل دن بدن مقبول ہورہا ہے، ورلڈ کبڈی لیگ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز کی شمولیت سے لیگ کے مقابلے انتہائی دلچسپ اور مقبول ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقاص اکبر نے کہا کہ بھارتی پنجاب کے ڈپٹی وزیراعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل سے ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ جلد لاہور آئیں گے، انہوں نے کہاکہ لاہور کے شہری حقیقی معنوں میں زندہ دل ہیں۔